ورلڈ تائیکوانڈو چیمپئن شپ کی تیاری کیلئے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ اسلام آباد میں جاری

اسلام آباد ۔ 10 اپریل (اے پی پی) پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے زیر اہتمام ورلڈ تائیکوانڈو چیمپئن شپ کی تیاری کیلئے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں جاری ہے۔ پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے صدر وسیم احمد جنجوعہ نے بتایا کہ تربیتی کیمپ میں 9 کھلاڑی تربیت حاصل کر رہے ہیں جن میں سے 6 مرد اور 3 خواتین کھلاڑی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کو کوچز جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت دے رہے ہیں ۔ ورلڈ تائیکوانڈو چیمپئن شپ آئندہ ماہ 12 سے 20 مئی تک انگلینڈ میں کھیلی جائے گی جس میں پاکستان سمیت دنیا بھر کی ٹیمیں شرکت کریں گی ۔ انہوں نے کہا کہ میگا ایونٹ کےلئے تربیتی کیمپ میں سے باصلاحیت تین سے چار کھلاڑیوں کا انتخاب کر کے انہیں ایونٹ میں شرکت کےلئے بھجوائیں گے ۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

آل پاکستان انٹر سکول بلائنڈ کر کٹ چیمپئن شپ 25 اپریل سے شروع ہوگی

اسلام آباد ۔ 9 اپریل (اے پی پی) پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام اور فیصل آباد بلائنڈ کرکٹ کلب کے اشتراک سے آل پاکستان انٹر سکول بلائنڈ کر کٹ چیمپئن شپ 25 سے29 اپریل تک کھیلی جائیگی۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے بتایا کہ فیصل آباد میں شیڈول ایونٹ میں ملک بھر سے 6 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ کے انعقاد کا مقصد گراس لیول پر بلائنڈ کرکٹ کو فروع دینا ہے اور نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانا ہے۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

قومی ٹیم ساوتھ ایشیاء ریجنل کوالیفائنگ ایونٹ آف آئی ٹی ایف ایشین انڈر12 اور ٹیم چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے10 مئی کو سری لنکا روانہ ہوگی

اسلام آباد ۔ 9 اپریل (اے پی پی) 4 رکنی قومی ٹیم ساوتھ ایشیاء ریجنل کوالیفائنگ ایونٹ آف آئی ٹی ایف ایشین انڈر12 اور ٹیم چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے10 مئی کو سری لنکا روانہ ہوگی۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے گیم ڈویلپمنٹ آفیسر عاصم شفیق نے اے پی پی کو بتایا کہ چیمپئن شپ 12 سے17 مئی تک بنگلہ دیش میں کھیلی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں محمد حیدر علی رضوان، احتشام ہمایوں اور محمد حسنین علی رضوان پاکستان کی نمائندگی کریں گے جبکہ عظیم خان بطور نان پلینگ کیپٹن ٹیم کے ہمراہ ہوں گے۔ ایونٹ کیلئے کھلاڑیوں کا انتحاب تین روزہ ٹرائلز کے بعد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرائلز میں 10 کھلاڑیوں نے شرکت کی جس میں سے تین باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتحاب کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ کی تیاری کیلئے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ ایونٹ سے 2 ہفتے قبل لگایا جائے گا، کھلاڑیوں کے امتحان جاری ہیں۔ امتحانات کے بعد کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ لگایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ کیلئے باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتحاب کیا ہے اور ان سے عمدہ کارکردگی کی توقعات ہیں۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

راولپنڈی کی کراٹے ٹیم نے پنجاب گیمز میں 5 گولڈ میڈل جیت لئے

راولپنڈی ۔ 9 اپریل (اے پی پی) راولپنڈی کی کراٹے ٹیم نے پنجاب گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 طلائی تمغے جیت لئے۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے احمد بلال نے انفرادی کاتا میں طلائی تمغہ حاصل کیا، ٹیم کاتا میں احمد بلال، احمد خالد اور محمد ابراہیم نے طلائی تمغہ جیتا۔ 60 کلوگرام کیٹگری کے فائنل مقابلوں میں احمد خالد نے سونے کا تمغہ اپنے نام کیا، اسی طرح سید عقاب اور سید سائق نے بالترتیب 75 اور 84 کلوگرام ویٹ کیٹگری میں سونے کے تمغے جیتے۔ محمد بلال میں 55 کلوگرام میں چاندی، محمد عادل نے 85 پلس کیٹگری میں چاندی اور احمد بلال نے 67 کلوگرام میں کانسی کا تمغہ جیتا۔ راولپنڈی ڈسٹرکٹ کراٹے ایسوسی ایشن کے صدر ندیم لون نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ٹیم کوچ ارسلان لیاقت، مینجر تنویر احمد اور تمام کھلاڑیوں کو مبارک باد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

ہواوے انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ، مصر کے کریم علی فتحی اور پاکستان کے فرحان محبوب سیمی فائنل میں پہنچ گئے

اسلام آباد ۔ 8 اپریل (اے پی پی) پاکستان سکواش فیڈریشن کے زیراہتمام جاری ہواوے انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ میں مصر کے کریم علی فتحی اور پاکستان کے فرحان محبوب سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔ پیر کو مصحف سکواش کمپلیکس میں کھیلے گئے پہلے کوارٹر فائنل میچ میں مصر کے کریم علی فتحی نے پاکستان کے عاصم خان کو 11-9، 12-10 اور 11-6 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی، دوسرے کوارٹر فائنل میں پاکستان کے فرحان محبوب نے کویت کے عمار التمیمی کو 11-5، 11-4 اور 12-10 سے ہرا کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ سیمی فائنل مقابلے آج منگل کو مصحف سکواش کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلے جائیں گے، فائنل کل بدھ کو کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ میں 24 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جن میں 16 غیر ملکی اور 8 پاکستانی کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔

Reference: http://urdu.app.com.pk