مونٹی کارلو ماسٹرز اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 15 اپریل سے شروع ہوگا

پیرس۔ 12 اپریل (اے پی پی) مونٹی کارلو ماسٹرز اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا 113واں ایڈیشن 15 اپریل سے فرانس کے شہر مناکو میں شروع ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں۔ ٹورنامنٹ میں دنیائے ٹینس کی نامور کھلاڑی ایکشن میں نظر آئینگی۔ اے ٹی پی ایونٹ میں سپین کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس کھلاڑی رافیل نڈال مینز سنگلز مقابلوں میں اپنے اعزاز کا دفاع کرینگے ۔ ٹورنامنٹ کلے کورٹ پر کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کے لئے 68 کروڑ 25 لاکھ روپے کی انعامی رقم مختص کی گئی ہے۔ 15 اپریل سے شروع ہونے والا یہ ایونٹ 7 روز تک جاری رہنے کے بعد 21 اپریل کو اختتام پذیر ہوگا۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

پاکستان ون ڈے کپ، پنجاب نے آخری لیگ میچ میں سندھ کو6 وکٹوں سے ہرا دیا، خرم منظور کی سنچری

راولپنڈی ۔ 11 اپریل (اے پی پی) پاکستان ون ڈے کپ 2019 کے آخری لیگ میچ میں پنجاب نے سندھ کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی، فاتح ٹیم نے 296 رنز کا ہدف 39 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، اوپنر خرم منظور نے 168 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، انہیں میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔ جمعرات کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان کپ کے آخری لیگ میچ میں سندھ کے کپتان عمر گل نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، سندھ الیون نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 295 رنز بنائے، عمر امین نے 83 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس میں چار چھکے شامل تھے۔ دیگر بلے بازوں میں آصف علی 62، حماد اعظم 42 اور عمر صدیق 38 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پنجاب کی جانب سے سہیل تنویر اور فہد اقبال نے تین، تین جبکہ ولید احمد نے دو کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ جواب میں پنجاب نے ہدف اوپنر خرم منظور کی شاندار سنچری کی بدولت 38.2 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، خرم منظور نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 116 گیندوں پر 168 رنز کی دلکش اننگز کھیلی جس میں 4 چھکے اور 23 چوکے شامل تھے، سمیع اسلم 54 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے، محمد الیاس نے دو وکٹیں حاصل کیں، خرم منظور کو میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

آئی سی سی عالمی کپ 2019ءکی ٹرافی کی اسلام آباد میں رونمائی پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی، کپتان قومی کرکٹ ٹیم سرفراز احمد

اسلام آباد ۔ 11 اپریل (اے پی پی) آئی سی سی عالمی کپ 2019ءکی ٹرافی کی عالمی دورہ کے سلسلہ میں جمعرات کو اسلام آباد میں رونمائی کی گئی۔ ٹرافی کو کپتان سرفراز احمد نے اٹھا رکھا تھا۔ ٹرافی کی رونمائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ امید ہے کہ عالمی کپ 2019ءمیں پاکستان کرکٹ ٹیم بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی اور اس ٹرافی کو پاکستان لانے میں کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی عالمی کپ 2019ءکی ٹرافی پاکستان میں موجود ہے، یہ ایک اچھا اقدام ہے، اس سے لوگوں میں مثبت پیغام جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹرافی کو پاکستان لانے کا مقصد اسے قومی ایونٹ کے طور پر پیش کرنا ہے کیونکہ یہ ٹرافی عام لوگوں کیلئے یادگار کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی کپ کیلئے تیاریاں جاری ہیں، ورلڈکپ میں اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مڈل آرڈر بیٹسمین بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے کیونکہ مڈل آرڈر میں بابر اعظم اور شعیب ملک جیسے کھلاڑی موجود ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں آسٹریلیا سے شکست کے حوالہ سے انہوں نے کہا کہ اس سیریز کے دوران بعض کھلاڑیوں کو آرام دیا گیا تھا کیونکہ وہ طویل عرصہ سے مسلسل کرکٹ کھیل رہے گا اور اب بھی ورلڈکپ سے پہلے ہمیں مسلسل میچز کھیلنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈکپ میں تمام ٹیمیں مضبوط ہیں، کسی ٹیم کو کمزور نہیں سمجھتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کپ سے نئے کھلاڑی سامنے آ رہے ہیں تاہم کھلاڑیوں کے کھیل کے بارے میں فیصلہ کرنا سلیکشن کمیٹی کا کام ہے۔ ٹرافی (آج) جمعہ کو سینٹورس اسلام آباد میں نمائش کیلئے پیش کی جائے گی جبکہ ٹرافی لاہور اور کراچی بھی نمائش کیلئے لے جائی جائے گی۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بین الپارلیمانی کرکٹ ٹورنا منٹ کےلئے اراکین پر مشتمل کرکٹ ٹیم کو تشکیل دینے کی ہدایت

اسلام آباد ۔ 11 اپریل (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے 8 سے 15 جولائی 2019ءتک برطانیہ میں منعقدہ بین الپارلیمانی کرکٹ ٹورنا منٹ کےلئے حکومتی اور حزب اختلاف کے اراکین پر مشتمل کرکٹ ٹیم کو تشکیل دینے کےلئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ واضح رہے کہ کرکٹ ورلڈکپ میں شمولیت کرنے والے8 ممالک کی پارلیمان کے اراکین پر مشتمل کرکٹ ٹیمیں اس ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گی۔ بین الپارلیمانی کرکٹ ٹورنامنٹ رواں سال منعقدہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کے ساتھ ساتھ منعقد ہو گا۔ ٹورنا منٹ میں بہترین ٹیم کی شرکت کو یقینی بنانے کےلئے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اراکین پارلیمنٹ کو کرکٹ کی تربیت دینے کےلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں قومی اسمبلی کی جانب سے پی سی بی کو باقاعدہ ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے رکن قومی اسمبلی مخدوم زین قریشی کو پاکستان کی پارلیمانی کرکٹ ٹیم کا کنوینئر مقرر کیا ہے جنہیں یونیورسٹی اور ضلع کی سطح پر کرکٹ کھیلنے کا وسیع تجربہ رہا ہے۔ پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی نے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور پی سی بی کے ڈائریکٹر اکیڈمی مدثر نذر کو پاکستانی پارلیمانی کرکٹ ٹیم کا فوکل پرسن مقرر کیا ہے اور وہ پاکستانی ٹیم کو باقاعدہ کرکٹ کی تربیت دیں گے۔ اس ضمن میں 47 ارکان قومی اسمبلی کے ٹرائل لئے جائیں گے جن کا 16 اپریل 2019ءسے شالیمار کرکٹ گراﺅنڈ اسلام آباد میں آغاز ہو گا اور یہ سلسلہ ایک ہفتہ تک جاری رہے گا جہاں نہ صرف ان کے ٹرائل لئے جائیں گے بلکہ ساتھ ساتھ ہی ان کو کرکٹ کی تربیت بھی دی جائے گی۔ بعدازاں ایک بہترین ٹیم کے انتخاب کےلئے اراکین اپریل کے آخر تک آپس میں دوستانہ میچز بھی کھیلیں گے۔ پاکستا ن کی پارلیمانی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کسی سپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمنٹ کی کرکٹ ٹیم کےلئے عملی اقدامات کئے ہیں۔ علاوہ ازیں پی سی بی نے اراکین کے ابتدائی انتخاب اور ٹریننگ کےلئے اپنے کوچز کی نگرانی میں شیڈول کو حتمی شکل دےدی ہے۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

پاکستان ون ڈے کپ کا فائنل جمعہ کوخیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مابین کھیلا جائے گا

راولپنڈی ۔ 11 اپریل (اے پی پی) پاکستان ون ڈے کپ 2019 کا فیصلہ کن معرکہ جمعہ کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہوگا جس میں خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی ٹیمیں پنجہ آزما ہوں گی، میچ ڈے نائٹ ہوگا اور مقامی وقت کے مطابق دن دو بجے شروع ہوگا۔ خیبر پختونخوا کی ٹیم سلمان بٹ کی قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں وہاب ریاض، خوشدل شاہ، محمد عرفان اور سہیل خان شامل ہیں۔ خیبرپختونخوا نے 2018 کے ایڈیشن میں بھی فائنل میں جگہ بنائی تھی تاہم اسے فیڈرل ایریاز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، بلوچستان کی کپتانی کے فرائض اسد شفیق انجام دیں گے اور اسے عمر اکمل، فواد عالم اور اویس ضیاء کی خدمات حاصل ہوں گی، واضح رہے کہ دونوں ٹیموں نے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہنے کا اعزاز حاصل کیا۔

Reference: http://urdu.app.com.pk