جشن آزادی باڈی بلڈنگ شو 25 اگست کو لاہور میں ہوگا

اسلام آباد ۔ 19 اگست (اے پی پی) پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن اور پنجاب باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن کے زیراہتمام جشن آزادی باڈی بلڈنگ شو 25 اگست کو پی ایس بی کوچنگ سنٹر، لاہور میں ہوگا۔ پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے صدر شیخ فاروق اقبال نے ”اے پی پی” کو بتایاکہ ایونٹ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ تنظیموں کو ایونٹ میں شرکت کی دعوت دی جا چکی ہے اور ایونٹ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے تن سازوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

اسلام آباد کی مرد اور خواتین کی ٹیمیں قومی کراٹے چیمپئن شپ میں شرکت کریں گی، اعجاز الحق

اسلام آباد ۔ 19 اگست (اے پی پی) اسلام آباد کراٹے ایسوسی ایشن کے صدر اعجازالحق نے کہا ہے کہ اسلام آباد کی مرد اور خواتین کھلاڑیوں کی ٹیمیں قومی کراٹے چیمپئن شپ میں شرکت کریں گی اور قومی کراٹے چیمپئن شپ 22 اگست سے لاہور میں شروع ہوگی۔ پاکستان واپڈ ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ گذشتہ روز ”اے پی پی” سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے نو مردوں اور خواتین کی ٹیموں کے کھلاڑیوں حصہ لیں گے ۔ چیمپئن شپ 25 اگست تک جاری رہے گی اور چیمپئن شپ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

کوڈ آف کنڈیکٹ کی خلاف ورزی، افغانستان نے محمد شہزاد پر ایک سال تک تمام طرز کی کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کر دی

کابل ۔ 18 اگست (اے پی پی) افغانستان کرکٹ بورڈ نے کوڈ آف کنڈیکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر اوپننگ بیٹسمین محمد شہزاد پر ایک برس تک تمام طرز کی کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کر دی۔ افغانستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق شہزاد نے اے سی بی کے ڈسپلنری اور ریگولیشنز رولز کی خلاف ورزی کرنے کے ساتھ ساتھ بورڈ کے کوڈ آف کنڈیکٹ کی بھی دھجیاں اڑائیں ہیں، شہزاد نے کئی مرتبہ بورڈ سے اجازت لئے بغیر بیرون ممالک سفر کئے جو کہ اے سی بی کی کھلاڑیوں کیلئے بنائی گئی پالیسیوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

قومی ٹیم ورلڈ انڈر 16 سنوکر چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے روس روانہ ہو گئی

اسلام آباد ۔ 18 اگست (اے پی پی) قومی ٹیم آئی بی ایس ایف ورلڈ انڈر 16 سنوکر چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے اتوار کو روس روانہ ہو گئی۔ ایونٹ کا آغاز (آج) پیر سے ہو گا جس میں محمد عمر خان اور حمزہ الیاس پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ اتوار کو پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن (پی بی ایس اے) کے میڈیا کوو آرڈینیٹر نوید کپاڈیا نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ قومی ٹیم ورلڈ انڈر 16 سنوکر چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے روس روانہ ہو گئی ہے، حمزہ الیاس اور محمد عمر خان میگا چیمپئن شپ میں ملک کی نمائندگی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں کھلاڑی باصلاحیت ہیں امید ہے کہ وہ ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر کے بہترین نتائج کے ساتھ واپس وطن لوٹیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ 24 اگست تک جاری رہنے والی چیمپئن شپ میں پاکستان سمیت 42 ممالک کے کیوئسٹس ٹائٹل کے حصول کیلئے قسمت آزمائی کریں گے۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ، کرونارتنے کی شاندار سنچری، سری لنکا نے نیوزی لینڈ کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 6 وکٹوں سے ہرا کر 60 پوائنٹس حاصل کر لئے

گال۔ 18 اگست (اے پی پی)آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں دیمتھ کرونارتنے کی شاندار سنچری کی بدولت سری لنکا نے نیوزی لینڈ کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر 60 پوائنٹس حاصل کر لئے، فاتح ٹیم نے 268 رنز کا ہدف میچ کے آخری روز اپنی دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، کپتان دیمتھ کرونارتنے اور لاہیرو تھریمانے نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 161 رنز کا جاندار آغاز فراہم کر کے اس کی جیت کی بنیاد رکھی، تھریمانے 64 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے لیکن کرونارتنے نے ڈٹ کر کیویز باﺅلرز کا مقابلہ کیا اور 122 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلوائی، انہیں عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

Reference: http://urdu.app.com.pk