پی ایس ایل میچز میں شائقین کی دلچسپی کیلئے پارکوں میں پانچ بڑی سکرینیں نصب کر دی گئیں

لاہور۔16 فروری(اے پی پی )لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندر کے میچوں میں شائقین کی دلچسپی بڑھانے کیلئے انعامات دینے کا بندوبست کر لیا ہے اورمیچ کے اختتام پر شائقین میں انعامات دینے کے لئے قرعہ اندازی بھی کی جائے گی۔ضلعی انتظامیہ لاہور نے پی ایس ایل کے میچ دکھانے کیلئے پانچ بڑی سکرینیں لگائی ہیں۔ یہ سکرینیں ریس کورس پارک، گریٹر اقبال پارک،میاں پلازہ جوہر ٹائون ،بٹر فلائی پارک جلواور گلشن اقبال پارک میں لگائی گئی ہیں۔ضلعی انتظامیہ نے متوسط طبقہ کو پیش نظر رکھ کر پارکوں کا چنائو کیا ہے۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

اعصام الحق قریشی نیویارک اوپن ٹینس مینز ڈبلز سیمی فائنل میں پہنچ گئے

نیویارک ۔ 15 فروری (اے پی پی) پاکستان کے نامور ٹینس سٹار اعصام الحق قریشی اور انکے میکسیکن جوڑی دار گونزالز اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت نیویارک اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز ڈبلز سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔ انہوں نے ایونٹ کے مینز ڈبلز کوارٹر فائنل میں انگلینڈ کے لیوک بمبرج اور انکے ہم وطن جوڑی دار جونی اومارا کو شکست دیکر ایونٹ سے باہر کردیا۔ امریکہ میں جاری ایونٹ میں کھیلے گئے مینز ڈبلز کوارٹر فائنل میچ میں پاکستان کے نامور ٹینس سٹار اعصام الحق قریشی اور انکے میکسیکن جوڑی دار گونزالز نے سخت مقابلے کے بعد انگلینڈ کے لیوک بمبرج اور انکے ہم وطن جوڑی دار جونی اومارا کو 6-7(1-7)، 6-4 اور 10-5 سے ہرا کر ایونٹ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

پاکستان سپر لیگ میں (آج) دو میچوں کا فیصلہ ہوگا

دبئی ۔ 15 فروری (اے پی پی) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیر اہتمام پاکستان سپر لیگ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے چوتھے ایڈیشن میں (آج) ہفتہ کو دو میچ کھیلے جائینگے۔ تفصیلات کے مطابق یو اے ای میں پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز ہو چکا ہے اور اس میں کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ لیگ میں (آج) ہفتہ کو دو میچوں کا فیصلہ ہوگا۔ اس سلسلے میں پہلا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کی ٹیموںکے درمیان دبئی میں کھیلا جائیگا جبکہ دوسرا میچ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائیگا۔ لیگ میں دنیائے کرکٹ کے نامور انٹرنیشنل کھلاڑی مختلف ٹیموں کی طرف سے ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کےلئے کوشیاں ہے ۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا شاندار اور رنگا رنگ آغاز ، آتش بازی کا مظاہرہ ، فنکاروں کی بھرپور پرفارمنس

دبئی ۔ 14 فروری (اے پی پی) پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا شاندار اور رنگا رنگ افتتاح کردیا گیا۔ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔ جنون گروپ اور فواد خان سمیت دیگر فنکاروں نے پرفارم کیا۔جنون گروپ نے اپنا مشہور زمانہ ’اے جذبہ جنون‘ گا کر شائقین کے دلوں کو گرمایا اور خوب داد وصول کی۔فواد خان نے پی ایس ایل کا تھیم سانگ ’چل جوش دکھا دے تو‘ گایا جبکہ آئمہ بیگ نے بھی اسٹیج پر پرفارم کیا۔ متحدہ عرب امارات کے اعلیٰ حکام اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔یو اے ای کے وزیر شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل میں شامل تمام کھلاڑیوں کو یو ای اے میں خوش آمدید کہتے ہیں۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ ایونت منعقد کرانے پر یو اے ای حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ دنیا کی بڑی لیگ ہے، پاکستان سمیت دنیا بھر سے آنے والے شائقین کو خوش آمدید کہتا ہوں۔چیئرمین پی سی بی نے ٹورنامنٹ میں شریک تمام ٹیموں کی جیت کے لیے نیک تمناوں کا اظہار بھی کیا۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرا ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ (ہفتہ کو) کھیلا جائیگا

کرائسٹ چرچ ۔ 14 فروری (اے پی پی) نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ ہفتہ کو کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا۔ تین میچوں کی سیریز میں میزبان ٹیم کو بنگلہ دیش کے خلاف 1-0 کی برتری حاصل ہے۔ کیویز نے پہلے ون ڈے میچ میں بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے درمیان تیسرا اور آخری ایک روزہ کرکٹ میچ 20 فروری کو کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔

Reference: http://urdu.app.com.pk