سرفرنگا کولڈ ڈیزرٹ ریلی 23 سے 25 اگست تک گلگت۔بلتستان کے علاقے شگر میں ہوگی

اسلام آباد ۔ 21 اگست (اے پی پی) سرفرنگا کولڈ ڈیزرٹ ریلی 23 سے 25 اگست تک گلگت ۔بلتستان کے علاقے شگر(سکردو)میں منعقد ہوگی۔گلگت بلتستان سیکریٹریٹ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق سرفرنگا جیپ ریلی میں 23اگست کو تمام گاڑیوں کا معائنہ کیا جائے گا،24 کو کوالیفائنگ رائونڈ جبکہ 25 اگست کو ریلی کا انعقاد کیا جائے گا۔سرفرنگا کولڈ ڈیزرٹ ریلی کی سیاحت کے فروغ میں اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ سیاحت حکومت گلگت ۔بلتستان نے اس سال 23تا 25 اگست 2019ء کو اس میلے کا انعقاد کا فیصلہ کیا ہے جس میں نہ صرف پاکستانی ڈرائیور شرکت کریں گے بلکہ بین الاقوامی شہرت کے حامل ڈرائیورز کو بھی ریس میں مقابلے کے لئے مدعو کیا گیا ہے۔اس سال ریس ٹریک کی لمبائی کو 40کلو میٹر سے بڑھا کر 60 کلو میٹر تک بڑھایا جائے گا ۔ نیز ریس کے ساتھ ساتھ علاقے کے رنگا رنگ ثقافتی شوز اور روایتی کھانے پینے کی اشیاء کی نمائش اس میلے کا اہم حصہ ہوں گے۔سرفرنگا کولڈ ڈیزرٹ ریلی کے کامیاب انعقاد اور اس میلے کی پائیداری تب ہی ممکن ہے جب حکومتی اداروں کے ساتھ علاقے میں کام کرنے والے دیگر غیر سرکاری ادارے ، مالیاتی ادارے اور سب سے بڑھ کر عوام اور عوامی حلقے حکومت کا ساتھ دیں۔سال 2017ء میں منعقد ہونے والی سرفرنگا کولڈ ڈیزرٹ ریلی نہ صرف پاکستان بلکہ پورے دنیا میں مشہور ہوا اور دوسرے ہی سال میں یہ پاکستان کی دوسری بڑی ریلی بن گئی ہے۔سرفرنگا کولڈ ڈیزرٹ ریلی 2017ء اور 2018ء کے کامیاب انعقاد کے بعد پاکستان اور گلگت ۔بلتستان دنیا کے سیاحتی نقشے پر ایک منفرد سیاحتی مقام کے طور پر اجاگر ہوا اور اس میلے کے انعقاد کی وجہ سے ہی بلتستان ریجن کی خوبصورت، رنگا رنگ اور جداگانہ ثقافت کی پوری دنیا میں تشہیر ہوگئی نیز ملک اور علاقے کا روشن چہرہ پوری دنیا کے سامنے روشناس ہوا۔یہاں پر اس امر کو بھی اجاگر کرنا انتہائی لازمی ہے کہ 2017ء اور 2018ء میں سرفرنگا کولڈ ڈیزرٹ ریلی کے انعقاد کے حوالے سے حکومتی خزانے سے کم سے کم فنڈز لئے گئے جبکہ اس میلے کے اکثر اخراجات پرائیویٹ اداروں اور کمپنیوں کی مالی معاونت کے ذریعے پورے کئے گئے جو کہ بالعموم گلگت ۔بلتستان اور بالالخصوص بلتستان ریجن میں کام کرنے والے تمام نجی اداروں کی بھی کامیابی تھی۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

ثام قیوری، فیلسیانو لوپیز، ڈینس شاپووالو اور سٹیو جانسن ونسٹن سیلم اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز سنگلز پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

واشنگٹن ۔ 21 اگست (اے پی پی) امریکہ کے ثام قیوری، سپین کے فیلسیانو لوپیز، کینیڈا کے ڈینس شاپووالو اور امریکہ کے ہی سٹیو جانسن فتوحات کو برقرار رکھتے ہوئے ونسٹن سیلم اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز سنگلز پری کوارٹر فائنل رائونڈ میں پہنچ گئے جبکہ ڈین ایوانز اور البرٹ راموس رائونڈ 32 میچز میں اپ سیٹ شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئے۔ امریکہ میں جاری اے ٹی پی ایونٹ کے مینز سنگلز رائونڈ 32 میچز میں میزبان کھلاڑی ثام قیوری نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہسپانوی ٹینس سٹار روبرٹو کاربالس کو سٹریٹ سیٹس میں 6-3 اور 7-5 سے ہرا کر ایونٹ کے پری کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ سپین کے فیلسیانو لوپیز نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ہم وطن حریف کھلاڑی پابلو اینڈیوجار کو 6-4، 1-6 اور 7-5 سے مات دی۔ کینیڈا کے سیکنڈ سیڈڈ کھلاڑی ڈینس شاپووالو نے اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت میزبان کھلاڑی ٹینیز سینڈگرن کو سٹریٹ سیٹس میں 6-2 اور 6-4 سے ہرا کر ایونٹ کے ٹاپ 16 رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ رائونڈ 32 کے دیگر میچز میں امریکہ کے سٹیو جانسن، فرانسس تائیفو اور روس کے اینڈری روبلو فاتح قرار پائے اور ایونٹ کے پری کوارٹر فائنل رائونڈ میں پہنچ گئے۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

ونسٹن سیلم اوپن ٹینس مینز ڈبلز، بن میک لیکن اور لیوک بام برج کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

واشنگٹن ۔ 20 اگست (اے پی پی) جاپان کے بن میک لیکن اور انکے بر طانوی جوڑی دار لیوک بام برج ونسٹن سیلم اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز ڈبلز کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔ انہوں نے ایونٹ کے مینز ڈبلز پری کوارٹر فائنل میچ میں کیون کراویٹز اور انکے ہم وطن جوڑی دار اینڈرس میز پر مشتمل جرمن فورتھ سیڈڈ جوڑی کو اپ سیٹ شکست دیکر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔ امریکہ میں جاری اے ٹی پی ایونٹ میں کھیلے گئے مینز ڈبلز پری کوارٹر فائنل میچ میں جاپان کے بن میک لیکن اور انکے بر طانوی جوڑی دار لیوک بام برج نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیون کراویٹز اور انکے ہم وطن جوڑی دار اینڈرس میز پر مشتمل جرمن فورتھ سیڈڈ جوڑی کو سٹریٹ سیٹس میں 6-3 اور 7-6 سے اپ سیٹ شکست دیکر ٹورنامنٹ کے ٹاپ ایٹ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

روبرٹو کاربالس اور ٹینیز سینڈگرن کا ونسٹن سیلم اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز سنگلز کا فاتحانہ آغاز

واشنگٹن ۔ 20 اگست (اے پی پی) سپین کے روبرٹو کاربالس، امریکہ کے ٹینیز سینڈگرن اور سپین کے ہی پابلو اینڈیجار ونسٹن سیلم اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز سنگلز کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئے جبکہ اولمپک چیمپئن اینڈی مرے پہلے رائونڈ میں شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئے۔ امریکہ میں جاری اے ٹی پی ایونٹ کے مینز سنگلز رائونڈ 64 میچز میں میزبان کھلاڑی ٹینیز سینڈگرن نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے برطانوی حریف کھلاڑی اینڈی مرے کو ٹائی بریک پر 7-6(10-8) اور 7-5 سے ہرا کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔ ہسپانوی ٹینس سٹار روبرٹو کاربالس نے بھی ابتدائی میچ میں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے میزبان حریف کھلاڑی مارکس گیرن کو 6-2، 2-6 اور 6-3 سے شکست دیکر ایونٹ سے باہر کر دیا۔ سپین کے ہی پابلو اینڈیجار نے چلی کے حریف کھلاڑی نیکولس جیری کو سٹریٹ سیٹس میں 6-4 اور 6-2 سے ہرا کر ایونٹ کے دوسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

نیوزی لینڈ کا سری لنکا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے سکواڈ کا اعلان

آکلینڈ ۔ 20 اگست (اے پی پی) نیوزی لینڈ نے سری لنکا کے خلاف شیڈول ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ سیریز کیلئے سکواڈ کا اعلان کر دیا، ریگولر کپتان کین ولیمسن اور فاسٹ باﺅلر ٹرینٹ بولٹ کو آرام کی غرض سے سکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا، فاسٹ باﺅلر ٹم ساﺅتھی قائم مقام کپتان کے فرائض انجام دیں گے، سری لنکن کنڈیشنز کو کو دیکھتے ہوئے تین سپنرز ٹوڈ ایسٹل، آئش سودھی اور مچل سینٹنر کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، وکٹ کیپر بلے باز ٹم سیفرٹ کی انجری مسائل سے نجات پانے کے بعد دوبارہ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کا آغاز یکم ستمبر سے ہو گا۔ اعلان کردہ سکواڈ کپتان ٹم ساﺅتھی، ٹوڈ ایسٹل، کولن ڈی گرینڈ ہوم، لوکی فرگوسن، مارٹن گپٹل، سکاٹ کوگلجین، ڈیرل مچل، کولن منرو، سیٹھ رانس، مچل سینٹنر، ٹم سیفرٹ، روز ٹیلر اور آئرش سودھی پر مشتمل ہے۔

Reference: http://urdu.app.com.pk