دورہ انگلینڈ /ورلڈ کپ ،قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ ختم ،کل مکی آرتھر سرفراز احمد پریس کانفرنس کریں گے

لاہور۔21 اپریل(اے پی پی )دورہ انگلینڈ اور ورلڈ کپ کےلئے اعلان کردہ قومی کرکٹ ٹیم کا مختصر دورانیہ کا دو روزہ تربیتی کیمپ قذافی سٹیڈیم لاہور میں اتوار کے روز ختم ہوگیا ۔کھلاڑیوں نے ہیڈ کوچ مکی آرتھر و دیگر کوچز کی نگرانی میںٹارگٹ میچز کی پریکٹس کی ۔مکی آرتھر کھلاڑیوں کی بیٹنگ بہتر بنانے کےلئے انہیں ٹپس دیتے رہے ۔کھلاڑیوں کی بیٹنگ ،بولنگ تکنیک میں بہتری لانے کےلئے بھی کام کیا گیا ، پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد سوموار کے روز قذافی سٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کریں گے اور میڈیا کو دورہ انگلینڈ اور ورلڈ کپ کے لئے ٹیم کی تیاریوں کے حوالے سے اگاہ کریں گے۔دورہ انگلینڈ اور ورلڈ کپ کےلئے اعلان کردہ ٹیم میں کپتان سرفراز احمد ،عابد علی ،بابر اعظم ،فہیم اشرف ،فخر زمان ،حارث سہیل ،حسن علی ،عماد وسیم ،امام الحق ،جنید خان ،محمد حفیظ ،محمد حسنین ،یاسر شاہ ،شاہین شاہ آفریدی اور شعیب ملک شامل ہیں جبکہ انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی اور ون ڈے سیریز کےلئے دو اضافی کھلاڑ ی محمد عامر اور آصف علی بھی ٹیم کے ہمراہ ہوں گے ۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

وزیر اعظم پاکستان کرکٹ میں ایک رول ماڈل ہیں ، محمد حفیظ

لاہور۔21 اپریل(اے پی پی )قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راﺅنڈر محمد حفیظ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کرکٹ میں ایک رول ماڈل کا درجہ رکھتے ہیں اور انہوں نے پاکستانی ٹیم کو ورلڈ کپ کے لئے جو ٹپس دی ہیں وہ قابل قدر ہیں ۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کا ٹیم کے لئے سادہ سا پیغام تھا کہ میچز بغیر ڈر کے، اور جیت کے لئے کھیلیں ۔انہوں نے کہاکہ یہ بات بالکل صحیح ہے کہ جب کھلاڑی کے دل میں شکست کا خوف ہوتا ہے تو اس کی کارکردگی اچھی نہیں ہوتی۔پاکستان ٹیم وزیر اعظم کے پیغام پر عمل کرتے ہوئے ہار کے خوف کو ذہن سے نکال کر جیت کے لئے کھیلے گی ۔ انہوں نے کہاکہ انگلینڈ میں ہونے والا ورلڈ کپ ان کے کیئرئر کا آخری ورلڈ کپ نہیں ہے لیکن وہ اس ورلڈ کپ میں بہترین پرفارمنس دے کر جیت میں اہم کردار اداکریں گے ۔محمد حفیظ جن کو دورہ انگلینڈ اور ورلڈ کپ کے لئے اعلان کردہ قومی ٹیم میں فٹنس سے مشرط کرکے شامل کیا گیا ہے ، کا کہنا ہے کہ وہ انگوٹھے کی انجری کی وجہ سے 9ہفتے تک کرکٹ سے دور رہے ہیںتاہم وہ اب مکمل صحت مند ہیں اور آئندہ ایک ہفتے میں وہ ہر قسم کے میچ میں اپنی پوری پرفارمنس دینے کے قابل ہوجائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی ٹیم بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور ورلڈ کپ جیتنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے ۔محمد حفیظ نے کہاکہ وہ عرصے سے بطور اوپنر کھیل رہے تھے اور بطور اوپنر کھیلنا ہی پسند ہے لیکن مینیجمنٹ کی پلاننگ کے مطابق میں نچلے نمبر پر بیٹنگ کررہا ہوں اور مجھے جس نمبر پر بھی بیٹنگ کے لئے بھیجا جائے گا میں اپنا کردار احسن طریقے سے ادا کرنے کی کوشش کروں گا ۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی اسپنر شاداب خان کا ٹیم سے ڈراپ ہونا ایک جھٹکا ہے پوری قومی کو دعا کرنی چاہئے کہ شاداب خان صحت مند ہوں اور ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کا حصہ بن سکیں ۔تاہم اگر وہ ٹیم کا حصہ نہیں بنتے تو بھی ان کی جگہ آنے والا کھلاڑی اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا ۔انہوں نے بھارتی کرکٹر وریندر سہواگ کے اس بیان پر کہ پاک بھارت میچ پاک بھارت جنگ کی طرح ہوگا پر تبصرہ کرے ہوئے کہاکہ میں اس بیان پر کوئی جوابی بیان دینے کی بجائے صرف ہنس سکتا ہوں ۔اس میں کوئی شبہ نہیں کہ پاک بھارت میچ اہم ہوتا ہے او ر پوری دنیا کے شائقین کرکٹ اسے دیکھنا پسند کرتے ہیں اور ہماری کوشش ہوگی کہ تماشائیوں کو اچھا میچ دیکھنے کو ملے اور وہ اس سے محظوظ ہوسکیں ۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

شاداب خان فٹنس مسائل کے باعث دورہ انگلینڈ سے باہر ہو گئے، یاسر شاہ ٹیم میں طلب

لاہور۔21 اپریل(اے پی پی ) قومی ٹیم کے آل راﺅنڈر شاداب خان فٹنس مسائل کے باعث دورہ انگلینڈ سے باہر ہو گئے، ان کی جگہ یاسر شاہ کو ٹیم میں طلب کر لیا گیا ہے۔ یاسر شاہ دورہ انگلینڈ اور ورلڈ کپ کے لئے قومی کرکٹ ٹیم کے 23ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل تھے لیکن ان کو دورہ انگلینڈ اور ورلڈ کپ کے لئے اعلان کردہ پندرہ رکنی اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا تھا اور شاداب خان کو ان پر ترجیع دی گئی تھی لیکن شاداب خان کے خون میں وائرس کی موجودگی کی وجہ سے انہیں دورہ انگلینڈ کے لئے ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا اور چار ہفتے کے علاج اور ریسٹ کی ہدایت کی گئی تھی۔ یاسر شاہ کو شاداب خان کے متبادل کھلاڑی کے طور پر انگلینڈ کے خلاف سیریز میں شامل کیا گیا ہے ۔یاسر شاہ 24 ون ڈے میچز میں 23 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جبکہ انگلینڈ کے خلاف 2016 میں ہونے والے دورہ میں انہوں نے چار ٹیسٹ میچز میں 19وکٹیں حاصل کی تھیں ۔یاسر شاہ پاکستان ٹیم کے ساتھ 23 اپریل کو انگلینڈ روانہ ہوں گے ۔ورلڈ کپ کے لئے اعلان کردہ اسکواڈ میں 23مئی تک تبدیلی کی جاسکتی ہے اور اس تبدیلی کے لئے آئی سی سی کی اجازت کی بھی ضرورت نہیں ہے ۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

شاداب خان انگلینڈ کے خلاف سیریز نہیں کھیل سکیں گے، پی سی بی

لاہور۔21 اپریل(اے پی پی )دورہ انگلینڈ اور ورلڈ کپ کے لئے اعلان کردہ قومی کرکٹ ٹیم میں شامل لیگ سپنر شاداب خان انگلینڈ کے خلاف سیریز نہیں کھیل سکیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلامیہ کے مطابق شاداب خان کے خون میں ایک وائرس کی نشاندھی ہوئی ہے جس کے لئے انہیں چار ہفتے کے علاج اور ریسٹ کی ضرورت ہے۔ شاداب ٹیم کے ہمراہ انگلینڈ روانہ ہوں گے لیکن وہاں پر وہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کھیلنے کی بجائے ڈاکٹرز سے اپنا علاج کروائیں گے تاکہ وہ ورلڈ کپ تک فٹ ہوسکیں۔شاداب کے متبادل کھلاڑی کے نام کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔چیف سلیکٹر انضمام الحق نے بھی شاداب کے انگلینڈ سیریز میں نہ کھیلنے اور انہیں چار ہفتے کا ریسٹ دینے کی تصدیق کی ہے۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

متحدہ عرب امارات نے آئندہ برس شیڈول آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کر لیا

کوالالمپور۔ 20 اپریل (اے پی پی) متحدہ عرب امارات نے آئندہ برس شیڈول آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کر لیا، یو اے ای ٹیم نے ورلڈ کپ ایشیا کوالیفائر ڈویژن ون ٹورنامنٹ کے آخری میچ میں اومان کو شکست دے کر یہ اعزاز حاصل کیا۔ ملائیشیا میں منعقدہ ایونٹ میں کھیلے گئے آخری میچ میں اومان کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 43.3 اوورز میں 105 رنز پر ڈھیر ہو گئی، جوئل بیجو 37 رنز بنا کر نمایاں رہے، آریان اور ریشبھ مکھرجی نے 3، 3 وکٹیں لیں، جواب میں یو اے ای کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 13ویں اوور میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا، سید حیدر 56 اور کپتان آریان لاکرا 51 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی یو اے ای نے آئندہ سال ہونے والے آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کیلئے بھی ٹکٹ کٹوا لیا۔

Reference: http://urdu.app.com.pk