الفیو ٹیم آٹو موٹیو پاکستان ملک میں رینالٹ گاڑیاں تیار کرنے کیلئے فیکٹری قائم کرنے پر300 ملین ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کرے گی

اسلام آباد ۔ 21 نومبر (اے پی پی) الفیو ٹیم آٹو موٹیو پاکستان (اے ایف اے پی ایل)ملک میں رینالٹ گاڑیاں تیار کرنے کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ گرین فیلڈ فیکٹری قائم کرنے پر300 ملین ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کرے گی۔ انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ( ای ڈی بی) کے حکام نے کہا ہے کہ آٹو موٹیو ڈویلپمنٹ پالیسی(2016-21) کے تحت کی جانے والی اب تک کی سب سے بڑی سرمایہ کاری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی نے فیکٹری سے قبل ای ڈی بی سے اس حوالے سے مراعات کی تصدیق کیلئے رابطہ کیا ہے۔ اے ایف اے پی ایل رینالٹ گاڑیوں کی پاکستان میں تیاری کیلئے سوفیصد براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کررہی ہے جس سے ملک میں1200 سے زائد روزگار کے براہ راست مواقع پیدا ہونگے جبکہ16 ہزار سے زائد افراد کو بالواسطہ روزگار فراہم کیا جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ فیکٹری کے قیام سے ملک میں گاڑیوں کی تیاری کے حوالے سے ٹیکنالوجی کی منتقلی سے شعبہ کی ترقی میں مدد ملے گی۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

ربڑٹائرز اورٹیوبز کی درآمدات میں تین ماہ کے دوران 40.11 فیصد کی ہوئی، پی بی ایس

اسلام آباد ۔12 نومبر(اے پی پی)رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ملک میں ربڑٹائرز اورٹیوبز کی درآمدات میں 40.11 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ادارہ شماریات پاکستان(پی بی ایس) کے اعداد وشمارکے مطابق جولائی سے لیکر ستمبر تک پاکستان نے ربڑٹائیرز اورٹیوبز کی درآمدات پر 6.4 ارب روپے کا زرمبادلہ خرچ کیا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 40.11 فیصد کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان نے ربڑٹائیرز اورٹیوبز کی درآمدات پر10.7 ارب روپے خرچ کئے تھے۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

چین کی متعدد فرنیچر کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کادسویں 3 روزہ میگا نمائش انٹیریئرز پاکستان 2018 میں دلچسپی کا اظہار

لاہور ۔ 8 نومبر (اے پی پی) چیف ایگزیکٹو پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ چین کی متعدد فرنیچر کمپنیوں اور سرمایہ کاروں نے دسویں 3 روزہ میگا نمائش انٹیریئرز پاکستان 2018 میں دلچسپی ظاہر کی ہے جو 14 دسمبر کو ایکسپو سینٹر لاہور میں شروع ہوگی۔ شنگھائی سے یہاں موصولہ بیان میں چیف ایگزیکٹو پی ایف سی نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان کے درمیان فرنیچر کی باہمی تجارت کو مزید فروغ دینے کی وسیع گنجائش موجود ہے اور دونوں ممالک کے نجی شعبے اس سیکٹر میں مشترکہ سرمایہ کاری کے منصوبوں پر کام کر سکتے ہیں جو ابھی تک پس منظر میں رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وفد کے ہمراہ پی ایف سی کے وفد کا دورہ چین بہت کامیاب رہا ہے اور اس کے دوررس اثرات مرتب ہوںگے کیونکہ دونوں اطراف نے نہ صرف ایک دوسرے کے ملک بلکہ دیگر ممالک میں بھی مشترکہ میگا فرنیچر نمائشیں منعقد کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

لوٹے کارپوریشن کا آئندہ پانچ سال کے دوران 50 ٹریلین وان سرمایہ کاری کا اعلان

سیﺅل ۔23اکتوبر (اے پی پی) جنوبی کوریا کی ملٹی نیشنل کارپوریشن ” لوٹے “ نے آئندہ پانچ سال کے دوران کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے 50 ٹریلین وان (44 ارب ڈالر) سرمایہ کاری کا اعلان کردیا جس سے روزگار کے 70 ہزار مواقع پیدا ہوں گے۔ ادارے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آئندہ پانچ سال کے دوران کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے 50 ٹریلین وان کی سرمایہ کاری کا منصوبہ ہے جس میں سے 12 ٹریلین وان 2019 ءمیں خرچ کیے جائیں گے جس کا مقصد ادارے کے پرچون کے آن لائن بزنس کا فروغ اور انڈونیشا و امریکا میں اس کے کیمیکل کے کاروبار کے لیے سہولیات کی فراہمی ہے۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

ستمبر 2018ء کے دوران کروڈ پٹرولیم کی قومی برآمدات میں 80.23فیصد کا اضافہ

اسلام آباد ۔21 اکتوبر(اے پی پی)ستمبر 2018ء کے دوران کروڈ پٹرولیم کی قومی برآمدات میں 80.23فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق ستمبر 2018ءکے دوران برآمدات کا حجم 3.2ارب روپے تک پہنچ گیا جبکہ ستمبر 2017ءکے دوران 1.8ارب روپے کی برآمدات کی گئی تھیں۔

Reference: http://urdu.app.com.pk