قومی ٹی 20 کپ 2019ء میں منگل کو دو میچوں کا فیصلہ ہوگا

اسلام آباد ۔ 14 اکتوبر (اے پی پی) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیر اہتمام قومی ٹی 20 کپ 2019ء میں منگل کو دو میچ کھیلے جائینگے۔ ٹی 20 ایونٹ اقبال سٹیڈیم، فیصل آباد میں جاری ہے جس میں کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ ٹورنامنٹ میں آج منگل کو دو میچ کھیلے جائینگے اور ٹورنامٹ کا پانچواں میچ سینٹرل پنجاب اور نادرن کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ چھٹا میچ بلوچستان اور سندھ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ میں چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کی ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں نادرن، بلوچستان، خیبرپختونخوا، سندھ، سدرن پنجاب اور سینٹرل پنجاب شامل ہیں۔ ایونٹ سنگل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جائے گا اور چار بہترین ٹیموں کے درمیان سیمی فائنل میچز 23 اکتوبر کو ہوں گے۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 24 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

رگبی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ 2019ء کی کوارٹر فائنل لائن اپ مکمل، ناک آئوٹ مرحلہ 19 اکتوبر سے شروع ہوگا

ٹوکیو ۔ 14 اکتوبر (اے پی پی) جاپان میں جاری نویں رگبی ورلڈ کپ 2019ء کی کوارٹر فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی، میگا ایونٹ اختتامی مراحل کی طرف گامزن ہے، میگا ایونٹ کا کوارٹر فائنل مرحلہ 19 اکتوبر سے شروع ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق رگبی ورلڈ کپ کے سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ، انگلینڈ، آسٹریلیا، آئرلینڈ، ویلز، فرانس، میزبان جاپان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں میگا ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ چکی ہیں۔ میگا ایونٹ کا ناک آئوٹ مرحلہ 19 اکتوبر سے شروع ہوگا اور 19 اکتوبر کو دو کوارٹر فائنلز کھیلے جائینگے اس سلسلے کا پہلا میچ انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا اور دوسرا میچ دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ اور آئرلینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ میگا ایونٹ کے بقیہ دو کوارٹر فائنلز 20 اکتوبر کو کھیلے جائینگے ۔ اور تیسرا کوارٹر فائنل میچ 20 اکتوبر کو ویلز اور فرانس کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ میگا ایونٹ کا چوتھا اور آخری کوارٹر فائنل میچ میزبان جاپان اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ واضح رہے کہ عالمی کپ میں دنیا کی بہترین 20 ٹیموں نے شرکت کی جن میں آئرلینڈ، سکاٹ لینڈ، جاپان، روس، ساموا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا، اٹلی، نمیبیا، کینیڈا، انگلینڈ، فرانس، ارجنٹائن، امریکا، ٹونگا، آسٹریلیا ویلز، جارجیا، فجی اور یوروگوئے شامل تھیں۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کیلئے کوشاں ہے جو اب کوارٹر فائنل میں پہنچ چکی ہے، میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل میچ 26 اکتوبر کو کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ 27 اکتوبر کو کھیلا جائے گا اور میگا ایونٹ کی دو فائنلسٹ ٹیموں کے درمیان فائنل 2 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کوالیفائر کا آغاز 18 اکتوبر سے ہوگا

ابوظہبی ۔ 14 اکتوبر (اے پی پی) آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کوالیفائر 2019 کا آغاز 18 اکتوبر سے یو اے ای میں ہوگا۔ ٹورنامنٹ میں 14 ممالک کی ٹیمیں شرکت کریں گی جنہیں دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں سکاٹ لینڈ، ہالینڈ، پاپوا نیو گنی، نمیبیا، سنگاپور، کینیا اور برمودا جبکہ گروپ بی میں متحدہ عرب امارات، آئرلینڈ، اومان، ہانگ کانگ، کینیڈا، جرسی اور نائیجیریا شامل ہیں۔ گروپ اے کے تمام میچز دبئی میں کھیلے جائیں گے جبکہ گروپ بی کے میچوں کی میزبانی ابوظہبی کرے گا، ٹورنامنٹ کے افتتاحی روز چار میچ کھیلے جائیں گے، پہلے میچ میں سکاٹ لینڈ اور سنگاپور کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، دوسرا میچ ہانگ کانگ اور آئرلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا، تیسرے میچ میں کینیا اور ہالینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی جبکہ چوتھا میچ یو اے ای اور اومان کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دونوں گروپس کی ٹاپ دو ٹیمیں نہ صرف سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی بلکہ آسٹریلیا میں شیڈول میگا ایونٹ کے ابتدائی رائونڈ میں پہنچ جائیں گی۔ باقی چھ ٹیموں کے درمیان پلے آف رائونڈ ہوگا اور مزید دو ٹیمیں ورلڈ کپ کے ابتدائی رائونڈ کیلئے کوالیفائی کریں گی۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

سوکا ورلڈ کپ 2019، پاکستان اپنا پہلا میچ پیر کو سلووینیا کے خلاف کھیلے گا

اسلام آباد ۔ 13اکتوبر (اے پی پی) سوکا ورلڈ کپ 2019 میں پاکستان اپنا پہلا میچ پیر کو سلووینیا کے خلاف کھیلے گا۔ سوکا ورلڈ کپ یونان کے شہر کریٹ میں جاری ہے جس میں 40 ممالک کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں، پاکستانی ٹیم ہنگری، سلووینیا، رومانیہ اور جرمنی کے ساتھ گروپ ایچ میں شامل ہے، پاکستان سلووینیا کے خلا ف میچ سے مہم کا آغاز کرے گا، پاکستانی ٹیم اپنا دوسرا میچ منگل کو رومانیہ، تیسرا 16 اکتوبر کو جرمنی جبکہ چوتھا اور آخری گروپ میچ 17 اکتوبر کو ہنگری کے خلاف کھیلے گا۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

قومی ٹی 20 کپ میں پیر کو دو میچ کھیلے جائیں گے

اسلام آباد ۔ 13اکتوبر (اے پی پی) قومی ٹی 20 کپ میں پیر کو مزید دو میچوں کا فیصلہ ہوگا، پی سی بی کے زیر اہتمام ٹورنامنٹ گزشتہ روز اقبال سٹیڈیم، فیصل آباد میں شروع ہو گیا ہے جس میں نادرن، بلوچستان، خیبرپختونخوا، سندھ، سدرن پنجاب اور سینٹرل پنجاب کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، ٹورنامنٹ کے دوسرے پہلے میچ میں نادرن اور سدرن پنجاب کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، نادرن کی ٹیم عماد وسیم کی قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ سدرن پنجاب کی قیادت کے فرائض شان مسعود انجام دیں گے، دوسرا میچ بلوچستان اور سندھ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا، سرفراز احمد سندھ اور حارث سہیل بلوچستان کی قیادت کریں گے۔

Reference: http://urdu.app.com.pk