ایشین ٹین پن باؤلنگ چیمپئن شپ 20 اکتوبر سے شروع ہوگی

اسلام آباد ۔ 15 اکتوبر (اے پی پی) ایشین ٹین پن باؤلنگ چیمپئن شپ 20 اکتوبر سے کویت میں شروع ہوگی، پاکستان ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اعجاز الرحمن نے بتایا کہ ایشین ٹین پن باؤلنگ چیمپئن شپ 20 سے 30 اکتوبر تک کویت میں کھیلی جائے گی جس میں 16 ممالک کے مرد اور خواتین کھلاڑی حصہ لیں گے، ان ممالک میں میزبان کویت ، پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ، فلپائن، ملائیشیائ، قطر، متحدہ عرب امارات، ایران، افغانستان، بحرین، سعودی عرب، چین، ہانگ کانگ، تھائی لینڈ اور مکاؤ شامل ہیں۔ چیمپئن شپ میں تین کیٹگریز کے مقابلے ہونگے جن میں سنگلز، ڈبلز اور ٹیم ایونٹ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ7 رکنی قومی ٹیم چیمپئن شپ میں شرکت کرے گی، ان کھلاڑیوں میں محمد صالح، احمر عباس سڈھرا، علی سوریا، امجد محمود، عبداللہ، دنیال شاہ اور ساجد شاہ شامل ہیں، خواجہ احمد بطور منیجر ٹیم کے ہمراہ جائیں گے۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

نیٹ بال اور دیگر کھیلوں کو نیشنل گیمز میں شامل کروانے کامعاملہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن میں اٹھائیں گے، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا

اسلام آباد ۔ 15 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ نیٹ بال اور دیگر کھیلوں کو نیشنل گیمز میں شامل کروانے کا مسئلہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن میں اٹھائیں گے اور کھیلوں کو سیاست سے پاک ہونا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح سٹیڈیم میں منقعد نیشنل گیمز مشعل کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پاکستان کبڈی فیڈریش اور اسلام آباد اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل رانا محمد سرور ، پاکستان آرمی کے ڈی جی سپورٹس برگیڈیئر ملک ظہیر اختر،کرنل غلام بشیر انجم، منظور الحسن سینئر کے علاوہ کھلاڑیوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ انہوں نے کہاکہ آج میرے لئے خوشی کی بات ہے کہ میں 33 نیشنل گیمز کی مشعل وصول کررہی ہوں اور پہلی نیشنل گیمز 1948 میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی قائد اعظم محمد علی جناح تھے جہنوں نے خود اپنے ہاتھوں سے ٹرافی دی۔ یہ شمع مزار قائد کراچی سندھ سے شروع ہوکر بلوچستان، پنجاب سے ہوتی ہوئی آج اسلام آباد پہنچی اور اسلام آباد سے آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سے ہوکر 26 اکتوبر کو خیبر پختونخوا میں پہنچے گی۔ انہوں نے حکومت ملک میں کھیلوں کی ترقی چاہتی ہے اور دہشت گردی کی وجہ سے ہمارے کھیل بہت پیچھے چلے گئے تھے گیمز امن بھائی چارے اور ایک دوسرے سے محبت کا پیغام اور درس دیتی ہیں نوجوان نسل کو تعلیم کے ساتھ کھیلوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے اور کھیل دنیا کو یکجہتی کا پیغام دیتی ہیں۔ اور ہماری خواتین کسی بھی شعبہ میں کسی سے کم نہیں ہیں پاکستان سپورٹس بورڈ ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پرامن ملک ہے اور انٹرنیشنل کھیلوں کی بحالی ہوچکی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل کی تقرری کا اشتہار دیا تھا لیکن کورٹ نے حکم امتناعی جاری کیا ہوا ہے ہم کورٹ میں اس کا جواب دیں گے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ نیٹ بال اور دیگر کھیلوں کو نیشنل گیمز میں شامل کروانے کا مسئلہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن میں اٹھائیں گے اور کھیلوں کو سیاست سے پاک ہونا چاہئے۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

فیفا انڈر۔17 فٹ بال ورلڈ کپ 26 اکتوبر سے شروع ہوگا

برازیلیہ ۔ 14 اکتوبر (اے پی پی) فیفا کے زیراہتمام انڈر 17 فٹ بال ورلڈ کپ 26 اکتوبر سے 17 نومبر تک برازیل میں کھیلا جائے گا۔ فیفا کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق میگا ایونٹ میں دنیا بھر سے 24 ٹیمیں شرکت کریں گی جنہیں چھ گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں میزبان برازیل، کینیڈا، نیوزی لینڈ اور انگولا گروپ بی میں نائیجیریا، ہنگری، ایکواڈور اور آسٹریلیا، گروپ سی میں جنوبی کوریا، ہیٹی، فرانس اور چلی گروپ ڈی میں امریکا، سینیگال، جاپان اور ہالینڈ، گروپ ای میں سپین، ارجنٹائن، تاجکستان اور کیمرون جبکہ گروپ ایف میں میکسیکو، اٹلی، پیراگوائے اور سولومن جزائر شامل ہے۔ ہر ٹیم تین تین گروپ میچ کھیلے گی اور دو ٹاپ ٹیمیں ناک آئوٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی، ٹورنامنٹ کا فائنل 17 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بلوچستان انڈر 19 کے محمد جنید اور اختر شاہ پر جرمانہ عائد

اسلام آباد ۔ 14 اکتوبر (اے پی پی) پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.13 کی خلاف ورزی کرنے پر بلوچستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے دو کھلاڑیوں محمد جنید اور اختر شاہ پر جرمانہ عائد کردیا گیا۔ پی سی بی حکام کے مطابق قومی انڈر 19 تین روزہ ٹورنامنٹ کے دوران بلوچستان کرکٹ ٹیم کے 2 کھلاڑیوں محمد جنید اور اختر شاہ پر میچ فیس کا 50،50 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔ دونوں کھلاڑیوں پر جرمانہ میچ کے دوران نامناسب زبان استعمال کرنے پر عائد کیا گیا۔ کپتان بلوچستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم محمد جنید نے امپائر سلیم بٹ جبکہ اختر شاہ نے حریف بلے بازوں کے خلاف نامناسب زبان استعمال کی۔ دونوں کھلاڑیوں کی جانب سے اعتراف جرم کرنے پر میچ ریفری خالد جمشید نے جرمانے کی سزا سنائی۔ بلوچستان اور ناردرن کے درمیان میچ جناح اسٹیڈیم سیالکوٹ میں کھیلا گیا۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

سوئس انڈورز اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 21 اکتوبر سے شروع ہوگا

برن ۔ 14 اکتوبر (اے پی پی) سوئس انڈورز اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا 50 واں ایڈیشن 21 اکتوبر سے سوئٹزرلینڈ میں شروع ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کیلئے تیاریاں عروج پر ہیں۔ ٹورنامنٹ میں دنیائے ٹینس کے نامور مرد کھلاڑی ٹائٹل کے حصول کیلئے پنجہ آزما ہونگے۔ ٹورنامنٹ میں مختلف کیٹیگریز کے مقابلے ہونگے جن میں مینز سنگلز اور مینز ڈبلز کے مقابلے شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ ہارڈ کورٹ پر کھیلا جائے گا۔ ٹورنامٹ میں فائنل میچ کے فاتح کھلاڑی کو 4 لاکھ 30 ہزار یورو کی انعامی رقم پیش کی جائے گی۔ سوئٹزرلینڈ کے بین الاقوامی شہرہ آفاق ٹینس سٹار راجر فیڈرر مینز سنگلز مقابلوں میں اپنے اعزاز کا دفاع کرینگے جبکہ مردوں کے ڈبلز مقابلوں میں انگلینڈ کے ڈومینک انگلوٹ اور انکے کروشین جوڑی دار فرانکو سکیوگور ٹائٹل کے دفاع کے لئے پنجہ آزمائی کرینگے۔ 21 اکتوبر سے شروع ہونے والا یہ ایونٹ سات روز جاری رہنے کے بعد 27اکتوبر کو اختتام پذیر ہوگا۔

Reference: http://urdu.app.com.pk