لارڈز۔ 25 جون (اے پی پی) بارہویں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں عالمی و دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 64 رنز سے شکست دے کر چھٹی فتح کے ساتھ سیمی فائنل میں جگہ بنا لی، آسٹریلیا رواں ورلڈ کپ سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم ہے، شکست کے بعد انگلش ٹیم کا سیمی فائنل تک رسائی کا راستہ مزید مشکل ہو گیا، کینگروز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 285 رنز بنائے، ایرون فنچ نے ڈٹ کر انگلش باﺅلرز کا مقابلہ کیا اور سنچری بنا کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، وارنر 53 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، جواب میں انگلش ٹیم ہدف کے تعاقب میں 44.4 اوور میں 221 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی، بہرنڈورف اور سٹارک نے تباہ کن باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ابتدائی 4 وکٹیں گرا کر حریف ٹیم کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ تہس نہس کر دی، سٹوکس کے سوا کوئی بھی کھلاڑی کینگروز باﺅلرز کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کر سکا، سٹوکس نے 89 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی لیکن وہ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے، بہرنڈورف نے 5 اور سٹارک نے 4 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کر کے ٹیم کی جیت میں حصہ ڈالا، فنچ کو شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

Leave a comment

Leave a Reply