12واں آئی سی سی ورلڈ کپ، انگلینڈ نے کالی آندھی کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے ہرا کر تیسری کامیابی سمیٹی

ساﺅ تھمٹن۔ 14 جون (اے پی پی) بارہویں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں انگلینڈ نے کالی آندھی کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری کامیابی حاصل کر لی، اس فتح کے ساتھ ہی انگلش ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر آ گئی، ویسٹ انڈین ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 44.4 اوورز میں 212 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، انگلش باﺅلرز کی عمدہ لائن و لینتھ باﺅلنگ کے سامنے ویسٹ انڈین بلے باز کھل کر کھیلنے میں ناکام رہے، نیکولاس پوران 63 رنز بنا کر نمایاں رہے، مارک ووڈ اور جوفرا آرچر نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا، جواب میں انگلش ٹیم نے مطلوبہ ہدف 34ویں اوور کی پہلی گیند پر 2 وکٹوں پر حاصل کیا، جوروٹ اور جونی بیئرسٹو نے ٹیم کو 95 رنز کا جاندار آغاز فراہم کر کے اس کی جیت کی بنیاد رکھی، بیئرسٹو 45 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے لیکن روٹ ڈٹے رہے، انہوں نے ناقابل شکست سنچری بنا کر ٹیم کو فتح دلائی، روٹ کو عمدہ آل راﺅنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

Reference: http://urdu.app.com.pk