اسلام آباد۔ 12 دسمبر (اے پی پی) پاکستان کرکٹ بورڈ نے لیگ سپنر یاسر شاہ کو قومی ٹیسٹ سکواڈ سے ریلیز کرکے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ اس دوران یاسر شاہ، نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور کے سپن باؤلنگ کنسلٹنٹ مشتاق احمد کی زیرنگرانی تربیت حاصل کریں گے۔ یاسر شاہ 16 دسمبر کو قومی کرکٹ ٹیم کو کراچی میں دوبارہ جوائن کرلیں گے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 19 دسمبر سے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا۔ سابق ٹیسٹ سپنر مشتاق احمد کی گزشتہ ہفتے سپن باؤلنگ کنسلٹنٹ کی حیثیت سے تقرری کی گئی تھی۔ معاہدے کے مطابق مشتاق احمد 120 روز پر مشتمل اسائنمنٹ میں ڈومیسٹک باؤلرز کے ساتھ ساتھ انڈر 16 اور انڈر 19باؤلرز کے ساتھ بھی کام کریں گے۔ ضرورت پڑنے پر مشتاق احمد قومی کرکٹ ٹیم کو بھی دستیاب ہوں گے۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

Leave a comment

Leave a Reply