کراچی۔ 22 دسمبر (اے پی پی) پاکستانی بالر شاہین شاہ آفریدی، بیٹسمین عابد علی اور شان مسعود کے نام اونرز بورڈ پرآویزاں کردئیے گئے۔ پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلی جارہی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا اور آخری میچ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جارہا ہے۔ دوسرے میچ کی پہلی اننگ میں5 وکٹیں حاصل کرنے پرشاہین شاہ آفریدی کا نام بولنگ اونرز بورڈ پر آویزاں کردیاگیا ہے۔ شاہین شاہ آفریدی نے میچ کی پہلی اننگ میں 26.5 اوورز میں77 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ کھلاڑیوں کے ڈریسنگ روم میں لیجنڈ کا خطاب پانے والے قومی بلے باز عابد علی اور شان مسعود کے نام بھی بیٹنگ اونرز بورڈ پر آویزاں کئے گئے ہیں۔ انہوں نے میچ کی دوسری اننگ میں سینچریاں بنانے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ عابد علی نے میچ کی دوسری اننگ میں 281 بالز کھیلتے ہوئے 174 رن بنائے تھے۔ انہوں نے اپنی اننگ 61.92 سٹرائک ریٹ کے ساتھ کھیلی اور ایک چھکا اور21 چوکے لگائے۔اسی طرح شان مسعود نے بھی 198 بالز کا سامنا کرتے ہوئے3 چھکے اور7 چوکوں کی مدد سے 135 رن سکور کئے اور ان کا سٹرائک ریٹ 68.18رہا۔ تمام کھلاڑیوں نے میڈیا باکس کے باہر نصب اونرز بورڈ پر اپنا نام ذاتی طور پر تحریر کئے۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

Leave a comment

Leave a Reply