لاہور ۔7 اگست(اے پی پی ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ہیڈ کوچ مکی آرتھر، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور، بائولنگ کوچ اظہر محمود اور ٹرینر گرانٹ لڈن کے کنٹریکٹ میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی سی بی تمام عہدوں پر نئی تعیناتیوں کیلئے عمل کا آغاز فوری کر رہا ہے۔ دو اگست کو ہونے والے کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں تمام ممبران نے متفقہ فیصلہ کیا تھا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کوچنگ سٹاف کے کنٹریکٹ میں توسیع نہ کی جائے۔ چاروں عہدوں پر نئی تعیناتیوں کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ اشتہار جاری کریگا۔ اس موقع پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ تمام کوچز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے ایک طویل اور جامع عمل کے بعد اپنی سفارشات تیار کرنے پر کرکٹ کمیٹی کا مشکور ہوں۔ کرکٹ کمیٹی تجربہ کار اراکین پر مشتمل تھی۔ احسان مانی نے کہا کہ کرکٹ کمیٹی نے قومی کرکٹ ٹیم کیلئے نئے کوچنگ سٹاف کی تعیناتی پر مکمل اتفاق کیا ہے۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ اپنی تعیناتی کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کی بہتری کیلئے بھرپور محنت کرنے پر میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور، بائولنگ کوچ اظہر محمود اور ٹرینر گرانٹ لڈن کا مشکور ہوں۔ میں ان کے مستقبل کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔ احسان مانی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ قومی کرکٹ کی بہتری کیلئے فیصلے کرتا رہے گا۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

Leave a comment

Post here