چیئرمین ٹی 10 لیگ نواب شجیع الملک کی پریس کانفرنس

دبئی ۔ 3 اکتوبر (اے پی پی)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 10 لیگ کو کرپشن سے پاک قراردیتے ہوئے دوسرے ایڈیشن کے منظوری دے دی ہے جس کا آغاز 23 نومبر سے ہوگا۔ امارات کرکٹ بورڈ کی اجازت سے کھیلی جانے والی دنیائے کرکٹ میں پہلی ٹی 10 کرکٹ لیگ کے دوسرے ایڈیشن کی تیاریاں متحدہ عرب امارات کی سلطنت دبئی اور شارجہ میں زور و شور سے جاری ہیں۔ آئی سی سی کی گورننگ باڈی اور اس کا اینٹی کرپشن یونٹ ہر لیگ کے مالی معاملات اور کرپشن سے متعلق امور کی باریک بینی سے چھان بین کرتا ہے، آئی سی سی اور امارات کرکٹ بورڈ سے مسلسل رابطے میں رہنے کی وجہ سے ٹی 10 لیگ کے منتظمین لیگ کا انعقاد کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ چیئرمین ٹی 10 لیگ نواب شجیع الملک نے دبئی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ 10 روز تک جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ میں 29 میچز کھیلے جائیں گے جبکہ گزشتہ ایونٹ صرف 4 دن جاری رہا تھا اور اس میں 6 ٹیموں نے شرکت کی تھی۔ پریس کانفرنس میں ٹی 10 لیگ کے پارٹنر سعداللہ خان، چیف ایگزیکٹو آفیسر امارات کرکٹ بورڈ ڈیوڈ ایسٹ اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

Reference: http://urdu.app.com.pk