چمڑے کی ملکی برآمدات میں 2.3 فیصد اضافہ

اسلام آباد ۔ 9 جنوری (اے پی پی) رواں مالی سال 2017-18ءکے پہلے پانچ ماہ کے دوران چمڑے کی ملکی برآمدات میں 2.3 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا نومبر 2017ءکے دوران چمڑے کی برآمدات کا حجم 219.5 ملین ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران برآمدات سے 214.8 ملین ڈالر کا زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔ اس طرح گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران چمڑے کی قومی برآمدات میں 2 فیصد سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

Reference: http://urdu.app.com.pk