اسلام آباد ۔ 29 دسمبر (اے پی پی) پاکستان ٹین پن بائولنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اعجاز الرحمن کے 14 سالہ بیٹے دانیال الرحمن نے پاکستان اوپن ٹین پن بائولنگ چیمپئن شپ میں بوائز انڈر16 ٹائٹل جیت لیا، عبدالرافع ثاقب اور ایاز الرحمن بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے، عبدالواصع ثاقب نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔اتوار کو لیژر سٹی بائولنگ کلب جناح پارک، راولپنڈی میں پاکستان ٹین پن بائولنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام جاری چیمپئن شپ کے بوائز انڈر16 کے ایونٹ میں دانیال الرحمن نے 319 پوائنٹس کے ساتھ چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ عبدالرافع ثاقب اور ایاز الرحمن بالترتیب 266 پوائنٹس اور 211 پوائنٹس کے دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔ اسی طرح عبدالواصع ثاقب 196 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ پاکستان ٹین پن بائولنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اعجاز الرحمن نے بتایا کہ چیمپیئن شپ میں ملک بھر سے مرد اور خواتین کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں اورچیمپیئن شپ میں گیارہ مختلف مقابلے رکھے گئے ہیں جن میں سنگلز پروفیشنل، ڈبلز، ٹیم ایونٹ، ایمچور، ڈیف، لیڈیز، انڈر16، میڈیا، انٹر سکول، انٹر کالج اورانٹر یونیورسٹی شامل ہیں۔ چیمپئن شپ کے سیمی فائنل مقابلے 30 دسمبر کو اور فائنل 31 دسمبر کو کھیلے جائیں گے۔ چیمپیئن شپ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے، چیمپیئن شپ کے دوران اچھی کارگردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جا رہا ہے جن کو بعد میں تربیت دے کر انٹرنیشنل ایونٹ کے لئے تیار کیا جائے گا۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

Leave a comment

Post here