لاہور۔31 دسمبر(اے پی پی ) پاکستان کی قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے کہا ہے کہ 2019ء قومی ٹیم کے لیے بہترین رہا، پاکستان کرکٹ بورڈ نے سال بھر خواتین کرکٹ کے فروغ کے لیے اقدامات اٹھائے اور قومی خواتین کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں چوتھی پوزیشن حاصل کی۔انھوں نے کہا کہ پاکستان نے 2019ء کا آغاز ویسٹ انڈیز کے خلا ف سیریز میں کامیابی سے کیا۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز 1ـ1 سے برابر رہی۔کپتان قومی خواتین کرکٹ ٹیم بسمہ معروف کاکہنا ہے کہ سال 2019 مجموعی طور پر قومی خواتین کرکٹ کے لئے اچھاثابت ہوا۔انہوں نے کہا کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم نے سال کا آغاز ویسٹ انڈیز کے خلاف کراچی میں کھیلی گئی ٹی ٹونٹی سیریز سے کیا، ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے کے باعث ٹیم اضافی دباؤ کا شکار تھی جس کی وجہ سے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکی۔بسمہ معروف نے کہا کہ پہلے ٹی ٹونٹی کے بعدسکواڈ میں شامل تمام کرکٹرز کے درمیان ایک مثبت ٹیم میٹنگ ہوئی جس میں ہر کھلاڑی نے ملک میں ویمنز کرکٹ کی پذیرائی کیلئے عمدہ کارکردگی دکھانے کے عزم کا اظہار کیا جس کے نتیجے میں شائقین کرکٹ کو آئندہ میچوں میں بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملی۔کپتان قومی خواتین کرکٹ ٹیم کاکہنا ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز برابر کرنا قومی ویمنز کرکٹرز کے اعتماد میں اضافے کا سبب بنا۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں بھی قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کارکردگی میں نمایاں بہتری دیکھی گئی۔ بسمہ معروف نے کہا کہ سال کے اختتام پر کھیلی گئی انگلینڈ کے خلاف سیریز میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم خاطر خواہ کھیل پیش نہ کرسکی تاہم سیریز کے اختتام پر پاکستان کے لیے کئی مثبت پہلو سامنے آئے جس میں ایک یہ کہ فی الحال قومی خواتین کرکٹ ٹیم آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں چوتھی پوزیشن پر موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کو آئندہ سال آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں شرکت کرنا ہے، امید ہے کہ پاکستان ایونٹ کا اختتام ٹاپ فور ٹیموں میں کرے گا۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

Leave a comment

Leave a Reply