لاہور۔26 ستمبر(اے پی پی )پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کے موقع پر چیئر مین پی سی بی احسان مانی کا انٹرویوپی سی بی پوڈ کاسٹ کے تازہ ترین ایڈیشن میں شامل ہے۔ انٹرویو میں چیئرمین پی سی بی نے سری لنکا کے خلاف سیریز کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے پس پردہ عوامل سے پردہ ہٹانے کے ساتھ ساتھ مستقبل میں دورے کے اثرات پر بھی اظہارخیال کیا ہے۔ انٹرویو کے دوران چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ طویل عرصے بعد پاکستان میں ایک مکمل سیریز کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف محدود اوورز کی سیریز پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی کے لیے پہلا قدم ہے۔13 روز پر مشتمل ٹور کا کامیاب انعقاد سری لنکا کو ٹیسٹ میچز کے لیے پاکستان آمد پر راضی کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔احسان مانی نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز کے انعقاد کو یقینی بنانے کے پس پردہ کئی عوامل کارفرما رہے۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل 4 کے کراچی میں 8 میچز کے دوران مختلف بورڈذ کے نمائندگان اور سیکورٹی کنسلٹنٹس کی آمد سے ہمیں ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی سرگرمیوں کو بحال کرنے میں خاطرخواہ کامیابی ملی ہے۔ احسان مانی کا کہناہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں ہمارا بنیادی موقف ہوم میچز اپنے ملک میں کھیلنا ہے۔ اگر ہم یہ مو¿قف اختیار نہیں کرتے تو ہمیں اپنے تمام میچز نیوٹرل وینیوز پر کھیلنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

Leave a comment

Leave a Reply