لاہور۔4 ستمبر(اے پی پی ) پاکستان کرکٹ بورڈنے سابق کپتان مصباح الحق کو 3 سال کےلئے قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا ہے، پی سی بی نے شفافیت اور احتساب کا نظام لانے کے لیے مصباح الحق کو چیف سلیکٹر کا عہدہ بھی سونپ دیا ہے، چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کے ہیڈ کوچز مصباح الحق کی سربراہی میں کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی کا حصہ ہوں گے، مصباح الحق پی سی بی کی جانب سے قائم کردہ 5 رکنی پینل کا متفقہ انتخاب تھے، کوچز کی تلاش کےلئے قائم کردہ 5 رکنی پینل میں سابق کپتان اور کوچ انتخاب عالم، سابق کرکٹر اور کمنٹیٹر بازید خان، اسد علی خان ( رکن بی اوجی)، وسیم خان ( چیف ایگزیکٹوپی سی بی) اور ذاکر خان (ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی ) شامل تھے،مصباح الحق کی تجویز پر پی سی بی نے وقار یونس کو قومی کرکٹ ٹیم کا باﺅلنگ کوچ مقرر کردیا ہے، وقار یونس ماضی میں 2 مرتبہ قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ رہنے کے ساتھ ساتھ آئی سی سی ہال آف فیم کا حصہ بھی ہیں، وقار یونس کو بھی 3 سال کے لیے باﺅلنگ کوچ کا کنٹریکٹ دیا گیاہے،قومی کرکٹ ٹیم کے لیے مقرر کردہ دونوں کوچز کے ناموں کی منظوری چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے دی ہے،مصباح الحق اور وقار یونس کی قومی کرکٹ ٹیم کے ہمراہ پہلی اسائنمنٹ سری لنکا کے خلاف سیریز ہوگی ۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

Leave a comment

Post here