لاہور ۔ 26 اگست (اے پی پی) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق کرکٹر اعجاز احمد کو 3 سال کےلئے قومی انڈر۔19 کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ پی سی بی کی جانب سے نئی تقرری کا اعلان پیر کو کیا گیا۔ سابق کرکٹر اعجاز احمد 2008ءسے کوچنگ کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ اعجاز احمد قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ رہنے کے ساتھ ساتھ اسسٹنٹ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔ اعجاز احمد اس سے قبل بھی قومی اے اور انڈر۔19 کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔ اعجاز احمد قومی اے اور انڈر۔16 کرکٹ ٹیموں کے ساتھ بھی کام کریں گے۔ اعجاز احمد اے سی سی انڈر۔19 ایشیا کپ کے بعد اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔ ایونٹ 5 سے 14 ستمبر تک کولمبو میں جاری رہے گا۔ اعجاز احمد کی پہلی اسائنمنٹ آئندہ ماہ کینیا میں شیڈول 8 ملکی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں قومی اے کرکٹ ٹیم کے ساتھ ذمہ داری نبھانا ہوگی۔ پاکستان جونیئر کرکٹ ٹیموں کی رواں سال دیگر مقابلوں میں بنگلہ دیش انڈر۔16 کرکٹ ٹیم کی اکتوبر میں میزبانی اور نومبر میں اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کےلئے بنگلہ دیش روانگی شامل ہے۔ قومی انڈر۔19 کرکٹ ٹیم کو آئندہ سال آئی سی سی انڈر۔19 ورلڈکپ میں شرکت کےلئے جنوبی افریقہ جانا ہے۔ اعجاز احمد کا انتخاب وسیم خان اور مدثر نذر پر مشتمل 2 رکنی کمیٹی نے کیا ہے۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

Leave a comment

Post here