پی سی بی انٹر ریجن انڈر 19 ٹورنامنٹ، فیصل آباد اور لاہور بلیوز کے درمیان تین روزہ میچ ڈرا

راولپنڈی ۔ 25 ستمبر (اے پی پی) پی سی بی انٹر ریجن انڈر 19 کرکٹ ٹورنامنٹ ٹرائینگولر مرحلے میں فیصل آباد اور لاہور ریجن بلیوز کے درمیان تین روزہ میچ ڈرا ہو گیا۔ میرپور کرکٹ اسٹیڈیم، آزاد کشمیر میں کھیلے گئے تین روزہ میچ کے تیسرے اور آخری روز فیصل آباد ریجن نے 27 رنز 2 کھلاڑی آﺅٹ پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو اس نے دن ختم ہونے تک 7 وکٹوں پر 299 رنز بنا لئے تھے، اسطرح لاہور ریجن بلیوز کو دوسری اننگز کیلئے میدان میں اترنے کا موقع نہ ملا اور میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا، مشال خان 63، زوہیب امانت 59، عماد بٹ 57 رنز بنا کر نمایاں رہے، محمد بلال، فرحاد عمر اور ابتشام الحق نے دو، دو وکٹیں لیں۔

Reference: http://urdu.app.com.pk