لاہور۔8 دسمبر(اے پی پی ) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام چار روزہ کوچنگ کورس اختتام پذیر ہو گیا۔ پانچ سے آٹھ دسمبر تک منعقد ہونے والے کوچنگ کورس میں 22 کوچز نے شرکت کی جنہیں پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ خواجہ جنید نے لیکچرز دیئے اور انہیں آن گرائونڈ کھیل کے بدلتی ہوئی صورتحال سے نمٹنے سے متعلق بھی بتایا۔ کورس کے اختتامی روز پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری اولمپیئن آصف باجوہ نے کورس کے شرکاء کوچز کو لیکچر دیا اور انہیں قومی کھیل کی اہمیت کے بارے میں بتایا۔ ان کا کہنا تھا کہ اچھے کوچز ہی کھیل میں بہتری لا سکتے ہیں جب تک کوچ کھلاڑیوں کو اچھا نہیں سکھائے گا تو کوئی ٹیم اچھی نہیں بن سکتی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی کوشش ہے کہ وہ کھلاڑیوں کا پول بڑھانے کے ساتھ ساتھ ٹیکنیکل آفیشلز کی سکلز میں بھی اضافہ کرے تاکہ قومی کھیل ترقی کرے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کھیل کی ترقی کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے جس کے جلد نتائج بھی سامنے آنا شروع ہو جائیں گے۔ آخر میں سیکرٹری پی ایچ ایف آصف باجوہ نے کوچنگ کورس کے شرکاء میں سرٹیفیکٹس تقسیم کئے۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

Leave a comment

Leave a Reply