پی ایس ایل فائیو کے تمام میچز پاکستان میں ہوں گے ،احسان مانی

لاہور۔13 جون(اے پی پی )پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ پاکستان سپر لیگ پی سی بی کے انڈر آزادانہ باڈی کی طرح کام کرے تاکہ اسے مزید کامیاب ایونٹ بنایا جاسکے ،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جس طرح دنیا کی دیگر کرکٹ لیگ کام کررہی ہیں اسی طرح پی ایس ایل بھی آزادانہ باڈی کی طرح کام کرے جو بروقت پروفیشنل فیصلے کرسکے ، انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل فائیو کے تمام میچز پاکستان میں ہوں گے ، اس سلسلہ میں پی ایس ایل کی تمام فرنچائز نے اپنی رضامندی کا اظہار کیا ہے جبکہ متعدد غیر ملکی کھلاڑیوں نے بھی پاکستان میں کھیلنے کےلئے اپنی رضامندی کا اظہار کیا ہے ،انہوں نے کہاکہ کراچی سٹیڈیم اپ گریڈ کیا جاچکا ہے، ملتان اور راولپنڈی کے سٹیڈیمز بھی پی ایس ایل کے میچز کےلئے تیار کئے جارہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ پی سی بی کو کوالٹی مینجمنٹ اور اچھی گورننس کے ذریعے پروفیشنل طرز پر چلانے کےلئے 85فیصد ایجنڈا پر کام مکمل ہوچکا ہے ،انہوں نے کہا کہ پی سی بی میں کوالٹی مینجمنٹ ہے،تاہم پی سی بی کو درست ڈائریکشن پر لانے کےلئے ہر شعبہ میں پروفیشنل عہدیدران کو لگایا گیا ہے اوربطور چیئرمین میں و میری ٹیم احتساب کےلئے تیار ہے ،انہوں نے کہاکہ پی سی بی کے آئین میں تبدیلی کے ذریعے پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ کو غیر ممالک کی طرز پر مذید مضبوط بنائیں گے۔

Reference: http://urdu.app.com.pk