پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن نے تین ایونٹس کی میزبانی پاکستان کو سونپ دی

اسلام آباد ۔ 3 اپریل (اے پی پی) پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن (پی ایس اے) نے تین شہروں میں 20 ہزار ڈالر سے 70 ہزار ڈالر تک تین ایونٹس کی میزبانی پاکستان کو دی۔ یہ تینوں ایونٹس رواں سال کے آخری چار مہینوں میں کھیلے جائیں گے، کراچی اور لاہور میں گیارہ سال بعد بین الاقوامی مقابلے بحال ہو رہے ہیں۔ پاکستان سکواش فیڈریشن کے گیم ڈویلپمنٹ آفیسر فلائٹ لیفٹیننٹ عامر اقبال نے منگل کو ”اے پی پی“ کو بتایا کہ فیڈریشن نے پی ایس اے ایونٹ کی میزبانی کیلئے پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن کو مراسلہ بھجوایا تھا۔ انہوں نے اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جس کے بعد انہوں نے پاکستان کو 20 ہزار ڈالر سے لے کر 70 ہزار ڈالر کے تین ایونٹس کی میزبانی دی ہے۔

Reference: http://urdu.app.com.pk