پرائیویٹ سیکٹر کے آنے سے ملک میں کھیلوں کو فروغ حاصل ہوگا اور سپانسر کے بغیر کھیلوں میں ترقی ناممکن ہے، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا

اسلام آباد ۔ 10ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر کے آنے سے ملک میں کھیلوں کو فروغ حاصل ہوگا اور سپانسر کے بغیر کوئی بھی ملک کھیلوں میں ترقی نہیں کر سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پاکستان سپورٹس بورڈ میں پی او اے کی ساتھ خصوصی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو ملک میں کھیلوں کے حوالے سے (آج) منگل کو بریفنگ دی جائے گی جس میں فنڈز کی کمی اور گراس روٹ سطح پر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام پر بھی آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم بھی ملک میں کھیلوں کے حالات کو بہتر دیکھنا چاہتے ہیں اور ہم سچی نیت کے ساتھ میرٹ کی بنیاد پر کھیلوں کےلئے کام کرنا چاہتے ہیں اور اس میں کامیابی بھی ضرور ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور سپورٹس فیڈریشنز کو ذمہ داری پوری کرنا ہونگی اور کھلاڑیوں کا چناﺅ میرٹ کی بنیاد پرکیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کھیلوں میں پیچھے رہ گئے ہیں اور کمزوریوں کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔

Reference: http://urdu.app.com.pk