پاک فضائیہ کے تحت چیف آف ایئر سٹاف ویٹرنز گالف چیمپئین شپ 2018 کا انعقاد

اسلام آباد ۔ 11 مارچ (اے پی پی)چیف آف ائیر سٹاف ویٹرنز گالف چیمپئین شپ ۔2018 پاکستان ائیر فورس سکائی ویو گالف اینڈ کنٹری کلب ، لاہور میں منعقد ہوئی۔پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان چیمپیئن شپ کی تقریب تقسیم انعامات کے مہمانِ خصوصی تھے۔ پاک فضائیہ کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ یہ سرگرمیاں ، مختلف سپورٹس بالخصوص گالف کے فروغ میں پاک فضائیہ کے مسلسل عزم کا اظہار ہیں۔ انہوں نے پاک فضائیہ کے ویٹرنز کے اعزاز میں منعقدکی گئی بہترین تقریب پر منتظمین، سپانسرز اور بالخصوص کیڈیز اور دیگر عملے کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فضائیہ کی اعلیٰ روایات کو ہمیشہ برقرار رکھا جائے گا۔

Reference: http://urdu.app.com.pk