پاک بھارت میچ میں بھارتی ٹیم زیادہ مضبوط نظر آتی ہے، بھارت کو ہرانے کےلئے اسے 300رنز کے اندر آﺅٹ کرنا ضروری ، کامران اکمل کی اے پی پی سے خصوصی گفتگو

لاہور۔13 جون(اے پی پی )قومی کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے کہا ہے کہ پاکستان کی ٹیم آسٹریلیا کےخلاف جیت جاتی تو پاکستان اور بھارت کے مابین 16جون کو ہونے والے میچ میں بھارتی ٹیم پر زیادہ پریشر ہوتا لیکن اب مورال ڈاﺅن ہونے کی وجہ سے پاکستانی ٹیم دباﺅ میں کھیلے گی۔جمعرات کے روز یہاں اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کامران اکمل نے کہا کہ آسٹریلیا کےخلاف میچ میں پاکستان ٹیم کے پاس جیت کا واضح موقع تھا ۔پاکستان نے آسٹریلیا کی ٹیم کو زیادہ بڑا سکور نہیں بنانے دیا لیکن پاکستانی بلے باز اس موقع سے فائدہ نہیں اٹھاسکے۔ پاکستان ٹیم کی فیلڈنگ معیاری نہیں تھی اور بیٹنگ بھی ناکام ہوگئی ۔کامران اکمل نے کہاکہ آسٹریلیا کےخلاف میچ میں محمد عامر نے اپنے تجربہ سے فائدہ اٹھایا اور اچھی بولنگ کی جبکہ وہاب ریاض بھی بہتر بولنگ کر رہے ہیں لیکن دیگر بولرز کی کارکردگی متاثر کن نہیں تھی لیکن میری سمجھ سے باہر ہے کہ شاداب خان جو کہ اچھے بولر ،فیلڈر اور بہتر بیٹنگ کرلیتے ہیں کو آسٹریلیا کےخلاف میچ میں ڈراپ کیوں کیا گیا ۔اسے بھارت کےخلاف میچ میں ٹیم کا حصہ بنایا جانا چاہئے۔ قومی کرکٹ ٹیم میں ٹیم ورک نظر نہیں آیا ۔انہوں نے کہاکہ بھارت کےخلاف میچ میں پاکستانی ٹیم اگر پہلے بیٹنگ کرتی ہے تو اسے 350 سے زائد سکور کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں میں بھی اچھی رفارمنس کا مظاہرہ کرنا ہوگا ۔

Reference: http://urdu.app.com.pk