اسلام آباد ۔ 18 دسمبر (اے پی پی) پاکستان کے فرحان محبوب سرینا ہوٹل ہواوے انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گئے۔ مصحف سکواش کمپلیکس میں جاری ٹورنامنٹ میں مردوں کے ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان کے فرحان محبوب نے مصر کے یوسف ابراہیم کو سخت مقابلے کے بعد 3-2 سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی۔ مصر کے یوسف ابراہیم نے پہلے اور دوسرے سیٹ میں 11-8 اور 16-14 سے فتح حاصل کی جبکہ فرحان محبوب نے تیسرے اور چوتھے سیٹ میں 11-2 اور 11-5 سے کامیابی حاصل کرکے مقابلہ 2ـ2 سے برابر کر دیا۔ اسی طرح پانچویں اور فیصلہ کن سیٹ میں فرحان محبوب نے 12-10 سے کامیابی حاصل کرکے مقابلہ 3-2 سے جیت کر فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان سیمی فائنل میچ 50 منٹ تک جاری رہا۔ فائنل میچ (آج) جمعرات کو کھیلا جائے گا۔ ایونٹ میں شامل پاکستانی کھلاڑیوں سمیت دوسرے غیرملکی کھلاڑی جن کا تعلق مصر، امریکہ، ہانگ کانگ، برطانیہ، ملائیشیا، جرمنی، پرتگال، سپین، سوئٹزرلینڈ، اردن اور آسٹریا سے ہے۔ ٹورنامنٹ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں کی کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ میں مردوں کیلئے 20 ہزار ڈالر اورخواتین کھلاڑیوں کیلئے 12 ہزار ڈالر کی انعامی رقم رکھی گئی ہے۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

Leave a comment

Post here