کراچی۔ 23 دسمبر (اے پی پی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے ہوم ٹیسٹ سیریز میں کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام کھلاڑی اس جیت سے بہت خوش ہیں، ٹیم کی کارکردگی بہت اچھی رہی جہاں جس کی ضرورت تھی وہاں اس کھلاڑی نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلی جانے والی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کامبابی کے بعد پیر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں کھلاڑیوں کی بہت اچھی کارکردگی رہی۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش سے سیریز کے معاملات پاکستان کرکٹ بورڈ دیکھ رہا ہے۔ بنگلہ دیش ٹیسٹ سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان ضرور آنا چاہیے، سیکورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں، سری لنکا سے ٹیسٹ سیریز سے پہلے پاکستان میں پی ایس ایل میں کئی غیر ملکی کرکٹرز آ چکے ہیں جبکہ ورلڈ الیون بھی کھیل کر جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور سری لنکن کرکٹ بورڈ کو ایک دوسرے کو سپورٹ کرنا چاہئے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کے دونوں اوپنرز نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کیا جس سے کامیابی حاصل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی اس کارکردگی کا تسلسل آئندہ بھی جاری رکھنے کی کوشش کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ٹیسٹ میچ جیت جانے سے تمام خامیاں ختم نہیں ہوجاتیں، ہمارے پاس نیا باﺅلنگ اٹیک ہے اور اسے ابھی بہت تجربے کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہا کہ قومی ٹیم کے تینوں فاسٹ بالرز میں بہت صلاحیتیں ہیں لیکن تجربے کی کمی ہے، جتنی کرکٹ ہوگی اتنا ہی تجربے میں بھی اضافہ ہوگا۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

Leave a comment

Post here