پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر ٹیسٹ کرکٹر احمد شہزاد پر 4 ماہ کی پابندی عائد کر دی

لاہور۔5 اکتوبر(اے پی پی )پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر ٹیسٹ کرکٹر احمد شہزاد پر 4 ماہ کی پابندی عائد کر دی۔احمد شہزاد کی پابندی کی سزا کا اطلاق دس جولائی سے ہوگا ۔ ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد احمد شہزاد کو ان کے ڈپارٹمنٹ حبیب بینک نے کپتانی سے بھی ہٹا دیا تھا اور ان کا نام قائد اعظم ٹرافی کے ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست میں بھی شامل نہیں کیا گیا تھا۔پی سی بی کے مطابق احمد شہزاد پر پی سی بی اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی پر پابندی لگائی گئی ہے۔ڈوپ ٹیسٹ کے لئے احمد شہزاد کا یورین سیمپل رواں سال 3 مئی کو فیصل آباد میں پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کے دوران لیا گیا تھا، نتیجہ مثبت آنے پر ریویو بورڈ نے بھی تصدیق کردی تھی کہ اوپنر نے ممنوعہ دوا کا استعمال کیا، پی سی بی نے انہیں 10 جولائی کو چارج شیٹ جاری کرتے ہوئے ہر قسم کی کرکٹ سے معطل کرکے جواب طلب کرلیا تھا۔

Reference: http://urdu.app.com.pk