پاکستان سکواش فیڈریشن کا اگست میں 20 ہزار ڈالر ایونٹ کے شیڈول کا اعلان

اسلام آباد ۔ 6 جون (اے پی پی) پاکستان سکواش فیڈریشن نے رواں سال کراچی میں 20 ہزار ڈالر ایونٹ کے شیڈول کا اعلان کردیا۔ ایونٹ میں شرکت کیلئے غیر ملکی کھلاڑیوں کی انٹری عیدالفطر کے بعد شروع ہوجائے گی، اس ایونٹ میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے نامور کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔پاکستان سکواش فیڈریشن کے گیم ڈویلپمنٹ آفیسر فلائٹ لیفٹیننٹ عامر اقبال نے ”اے پی پی“ کو بتایا کہ پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن (پی ایس اے) نے ہمیں رواں سال متعدد ایونٹس کی میزبانی دی ہے جن میں اسلام آباد میں حال ہی میں پاکستان سرکٹ ون مینز اینڈ ویمنز ایونٹس کا کامیابی سے انعقاد کرچکے ہیں تاہم اس ایونٹ میں صرف قومی کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن نے پارکو روشن خان انٹرنیشنل سکواش چیمپئن شپ کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔

Reference: http://urdu.app.com.pk