اسلام آباد ۔ 5 فروری (اے پی پی) پاکستان سپورٹس بورڈ کے زیر یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں ہاکی میچ کشمیر الیون اور فٹ بال میچ پی ایس بی الیون نے جیت لیا، وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور اسناد تقسیم کیں۔ اس موقع پر پاکستان سپورٹس بورڈ کی ڈائریکٹر جنرل آمنہ عمران، ڈپٹی ڈائریکٹر، آغا امجد اللہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر شازیہ اعجاز، اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے اراکین سید ذاکر حسین نقوی اور محمد زمان کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ خواتین کے ہاکی میچ میں کشمیر الیون نے پی ایس بی الیون کو 2-1 سے ہرا دیا۔ کشمیر الیون کی جانب سے حیا اور سدرہ نے ایک ایک گول کیا جبکہ پی ایس بی الیون کی جانب سے واحد گول بینش نے گول کیا۔ میچ میں امپائرنگ کے فرائض واجد اور عظیم نے انجام دیئے۔ مردوں کے نمائشی فٹ بال میچ میں پی ایس بی الیون نے کشمیر الیون کو 2-1 گول سے شکست دی، پی ایس بی الیون کی جانب سے علی احمد اور حسن عالم نے ایک ایک گول کیا۔ کشمیر الیون کی جانب سے واحد گول آفاق نے کیا۔ ریفری کے فرائض توقیر اسلم نے انجام دیئے جبکہ ان کی معاونت علی نواز اور شمعون نے کی۔وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا نے خصوصی شرکت کرتے ہوئے لڑکیوں کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ قوم کی تمام ماو¿ں، بہنوں، بیٹیوں کو متحد ہو کر کشمیر کے لیے آواز بلند کرنی چاہئے،کشمیر جلد ہی آزادی حاصل کرے گا اور کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، وہ دن دور نہیں جب کشمیر آزاد ہوگا۔ لڑکوں نے فٹبال میچ کشمیر کے نام کیا، ہاتھوں کی چین بنا کر کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگائے گئے اور وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا نے مقبوضہ کشمیر سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے پودا بھی لگایا، لڑکیوں نے کہا کہ کھیل کی طرح ایک دن کشمیر ظلم و ستم سے بھی آزادی حاصل کرے گا اور پاکستان کا حصہ بنے گا

Reference: http://urdu.app.com.pk

Leave a comment

Leave a Reply