اسلام آباد ۔ 15 دسمبر (اے پی پی) پاکستان سری لنکا ٹیسٹ کرکٹ کے آخری روز شائقین کی کثیر تعداد نے میچ دیکھنے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم کا رخ کیا ، سٹیڈیم پاکستان کے نعروں سے گونجتا رہا اور پاکستانی شائقین کرکٹ نے کھل کر پاکستانی ٹیم کرکٹ ٹیم اور پاکستان کے حق میں نعرے لگائے۔ اس موقع پر وقاص اعظم نے کہاکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے شائقین کرکٹ کے لئے فری انٹری کرکے عوام کے دل جیت لئے اور اس سے نوجوانوں میں کرکٹ کھیلنے کا رجحان بڑھے گا۔ اسد احمد کا کہنا تھا کہ پی سی بی کو پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان میچوں میں بھی شائقین کو فری انٹری دینی چاہیے تاکہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں لوگ پنڈی سٹیڈیم کا رخ کریں۔مظہر جاوید نے کہاکہ پاکستان اور سری لنکا ٹیسٹ کرکٹ سے ملک میں کرکٹ کی بحالی ہوئی ہے اور اس بحالی سے پاکستان کا وقار دنیا میں بلند ہوا ہے۔ دوسرا ٹیسٹ میچ 19 سے 23 دسمبر تک کراچی میں کھیلا جائے گا۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

Leave a comment

Post here