پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے نیپالی خواتین بلائنڈ ٹیم کے خلاف ہوم سیریز کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے

اسلام آباد ۔ 8 جنوری (اے پی پی) پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے نیپالی خواتین بلائنڈ ٹیم کے خلاف ہوم سیریز کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے ہیں،سیریز کی تیاری کے لئے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 15جنوری سے بہاولپور میں شروع ہوگا۔پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے جنرل منیجر اور ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے ڈائریکٹر ٹیکنیکل مہر یوسف ہارون نے ”اے پی پی” کو بتایا کہ پاکستان اور نیپال کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز پاکستان میں کھیلی جائے گی جس کے لئے پی بی سی سی نے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے غیرملکی کھلاڑیوں کو سکیورٹی دینے کے لئے وزارت داخلہ کو مراسلہ بھجوایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیریز کی تیاری کے لئے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 15جنوری سے بہاولپور میں شروع ہوگا تربیتی کیمپ میںمنتخب شدہ15کھلاڑیوں کو مدعوکیا گیا ہے۔ تربیتی کیمپ میں جن کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے ان میں قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی کپتان رابیعہ شہزادی، صباح گل، اقصیٰ عارف ، بشرہ ظہور ، سمیہ ممتاز ، انیلا شہزادی ، سعدیہ خالد ، مہوش رفیق ، نمرہ رفیق ،رابیعہ جاوید ،نشہ بخش ، بسمہ حسین ،کرن رفیق، طیبہ بانو اور ارم شہزادی شامل ہیں

Reference: http://urdu.app.com.pk