پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے بھارت کو دورہ پاکستان کے حوالے سے تحریری طور پر مراسلہ بھجوادیا

اسلام آباد ۔ 30جولائی (اے پی پی) پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے بھارت کو دورہ پاکستان کے حوالے سے تحریری طور پر مراسلہ بھجوایا ہے کہ وہ 31 اگست تک ہمیں آگاہ کرے کہ وہ پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں یا نہیں ورنہ ہم کسی اور ملک کے ساتھ سیریز طے کریں گے۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے پیر کو ”اے پی پی“ کو بتایا کہ پی بی سی سی کے چیئرمین سید سلطان شاہ اور بھارت بلائنڈ کرکٹ کونسل کے صدر مہانتیش جی کے کے درمیان رواں سال جنوری میں دبئی میں ہونے والے عالمی بلائنڈ کرکٹ کپ کے دوران معاہدہ طے پا گیا تھا جس میں بھارت کے صدر نے پی بی سی سی کے صدر کو یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے لیکن ابھی تک انہوں نے پاکستان کے ساتھ رابطہ نہیں کیا۔

Reference: http://urdu.app.com.pk