پاکستان اے اور انگلینڈ لائنز کرکٹ ٹیموں کے درمیان تیسرا ایک روزہ میچ (کل) کھیلا جائے گا

دبئی ۔ 28 نومبر (اے پی پی) پاکستان اے اور انگلینڈ لائنز کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا میچ (کل) جمعرات کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے دو میچوں کے بعد مقابلہ 1-1 سے برابر ہے۔ پہلے میچ میں پاکستان اے ٹیم نے انگلینڈ لائنز ٹیم کو 187 رنز سے شکست دی تھی تاہم دوسرے میچ میں انگلینڈ لائنز نے کم بیک کرتے ہوئے پاکستان اے کی ٹیم کو 6 وکٹوں سے شکست دیکر پانچ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا چوتھا ون ڈے میچ 2 دسمبر جبکہ پانچواں اور آخری ون ڈے 5 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔ پاکستان اے اور انگلینڈ لائنز کے درمیان دو ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 7 دسمبر جبکہ دوسرا اور آخری میچ 8 دسمبر کو شیڈول ہے۔

Reference: http://urdu.app.com.pk