پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان آخری اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ ( پیرسے) شروع ہو گا

ابوظہبی۔یکم دسمبر(اے پی پی) پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آخری اور فیصلہ کن میچ پیر سے ابوظہبی میں شروع ہو گا، دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔ نیوزی لینڈ نے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد 4 رنز سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کی تھی تاہم پاکستانی ٹیم نے جاندار کم بیک کرتے ہوئے دوسرے ٹیسٹ میں مہمان ٹیم کو یکطرفہ مقابلے کے بعد اننگز اور 16 رنز سے ہرا کر حساب 1-1 سے برابر کر دیا تھا۔ دوسرے ٹیسٹ میں شاندار فتح کے بعد پاکستانی ٹیم کا مورال بلند ہے اور وہ آخری ٹیسٹ میں کیویز کو ہرا کر سیریز جیتنے کیلئے پر جوش دکھائی دے رہی ہے تاہم دوسری جانب نیوزی لینڈ ٹیم کے حوصلے بھی پست نہیں ہوئے اور وہ آخری میچ جیت کر سیریز اپنے نام کرنے کے خواہاں ہیں اسلئے دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔

Reference: http://urdu.app.com.pk