کراچی۔ 16 دسمبر (اے پی پی) پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیمیں کراچی پہنچ گئیں۔ پاکستانی ٹیم گذشتہ رات کراچی پہنچی تھی جبکہ سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پیر کی دوپہر تقریباً 12 بجے کراچی پہنچی ہے۔ کراچی پہنچنے پر دونوں ٹیموں کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور ٹیموں کو مکمل سیکورٹی میں ہوٹل پہنچایا گیا۔ ٹیموں کی آمد اور انہیں ائیرپورٹ سے ہوٹل پہنچانے کے قانون نافذ کرنے والے اداروں بشمول رینجرز اور پولیس نے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے ہوئے تھے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 19 سے 23 دسمبر تک تاریخی نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی کو ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کا قلعہ کہا جاتا ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم نے یہاں41 میں سے 21 ٹیسٹ میچوں میں کامیابی حاصل کی۔ یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا تھا۔ سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز 308 رنز 6 کھلاڑی آﺅٹ پر ڈکلیئر کر دی تھی جس کے جواب میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں آخری روز کا کھیل ختم ہونے تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 252 رنز بنائے تھے۔ ڈیبیو کرنے والے عابد علی نے شاندار بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا اور 10 چوکوں کی مدد سے اپنی سنچری مکمل کی۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

Leave a comment

Leave a Reply