کراچی ۔ 26 ستمبر (اے پی پی) پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ (کل) جمعہ کو نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ میچ سہ پہر 3 بجے شروع ہوگا، بارش کے باعث ابتدائی دو میچز متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کرینگے جبکہ مہمان سری لنکن ون ڈے ٹیم کی قیادت لاہیرو تھریمانے سرانجام دیں گے۔ سری لنکن مینز ٹیم 10 سال کے بعد کراچی آئی ہے۔ مہمان ٹیم کےلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ ہوٹل میں کسی غیر متعلقہ آدمی کو ملنے کی اجازت نہیں ہے۔ دونوں ٹیموں نے سیریز میں کامیابی کے لئے بھرپور تیاری کر رکھی ہے، پہلے ایک روزہ میچ میں جول ولسن اور احسن رضا آن فیلڈ امپائر، مائیکل گف تھرڈ امپائر اور راشد ریاض فورتھ امپائر ہوں گے۔ دونوں ٹیموں کے مابین اب تک کھیلے گئے ون ڈے میچز میں گرین شرٹس کو برتری حاصل ہے۔ سری لنکا کے خلاف سیریز میں نئے ہیڈ کوچ اور باﺅلنگ کوچ کا پہلا امتحان ہوگا۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

Leave a comment

Post here