ٹیکسٹائلز کی قومی برآمدات میں 7.9 فیصد اضافہ، پی بی ایس

اسلام آباد ۔ 23 جنوری (اے پی پی) رواں مالی سال 2017-18 ءکی پہلی سہ ماہی کے دوران ٹیکسٹائلز کی قومی برآمدات میں 7.9 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران ٹیکسٹائل کی ملکی برآمدات میں 6.3 فیصد کی کمی واقع ہوئی تھی۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے دوران ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمدات میں 40 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس سے مجموعی قومی برآمدات کے اضافہ میں مدد ملی ہے۔ پی بی ایس کے مطابق رواں مالی سال کے دوران تیار ملبوسات اور نٹ ویئرز کی برآمدات میں بالترتیب 16 فیصد اور 9.5 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران قومی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ سے ادائیگیوں کے توازن کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی جس سے قومی معیشت پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔

Reference: http://urdu.app.com.pk