اسلام آباد ۔ 9 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ملک میں کھیلوں کی ترقی چاہتے ہیں، پنجاب اور خیبر پختونخوا کی طرح دوسرے صوبے بھی کھیلوں کی ترقی کیلئے اقدامات کریں اور فیڈرل کوآرڈینشن کمیٹی کا آئندہ اجلاس عید کے بعد ہو گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پاکستان سپورٹس بورڈ کے کانفرنس روم میں فیڈرل کوآرڈینشن کمیٹی کے اجلاس میں کیا۔ اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کی۔ وفاقی سیکرٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ اکبر حسین درانی نے شرکاء کو اجلاس میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے مضمون کو اٹھارہویں آئینی ترمیم کے تحت واضع کیا گیا ہے اور متعلقہ صوبائی حکومتیں اپنے صوبے میں کھیلوں کے فروغ اور ترقی کی ذمہ دار ہیں۔ پنجاب اور گلگت بلتستان کے کھیلوں کے وزراء نے اپنے اپنے صوبوں میں کھیلوں کی ترقی کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور آئندہ کیلئے کھیلوں کی ترقی اور سرگرمیوں کے حوالے سے اجلاس میں بریفنگ دی۔ اس کے علاوہ اجلاس میں بلوچستان، سندھ، آزاد جموں و کشمیر کے نمائندوں نے بھی میں کھیلوں کے حوالے سے ترقی اور مسائل کے علاوہ دیگر امور پر بریفنگ دی۔ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک میں کھیلوں کی ترقی چاہتے ہیں، سپورٹس پالیسی کا ڈرافٹ تیار ہو چکا ہے جس کے بعد اس کو آخری شکل دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں کھیلوں کی ترقی کیلئے کئے گئے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دوسرے صوبے بھی ان کی طرح کھیلوں کی ترقی کیلئے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے صوبوں کے وزراء کھیل کی اجلاس میں عدم شرکت کے باعث فیڈرل کوآرڈینشن کمیٹی کا آئندہ اجلاس عید کے بعد ہوگا۔ وفاقی وزیر نے صوبائی حکومتوں سے التجا کی ہے کہ وہ اپنے اپنے صوبوں میں کھیلوں کے میدان بنائیں اور ثقافتی کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کو یقینی بنائیں۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

Leave a comment

Leave a Reply