پرتھ۔ 15 دسمبر (اے پی پی) آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں مچل سٹارک اور نیتھن لیون کی شاندار بائولنگ کی بدولت آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 296 رنز سے شکست دے دی، آسٹریلوی ٹیم نے میچ کے چوتھے روز 217 رنز 9 کھلاڑی آئوٹ پر اپنی دوسری اننگز ڈیکلیئر کر کے کیویز کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 468 رنز کا ہدف دیا تھا، ٹم سائوتھی نے 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں اپنی دوسری اننگز میں 171 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، سٹارک اور لیون کی عمدہ بائولنگ کے سامنے کیویز کا کوئی بھی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا، بی جے واٹلنگ 40 رنز بنا کر نمایاں رہے، سٹارک اور لیون نے 4، 4 وکٹیں لیں۔ سٹارک کو میچ میں مجموعی طور پر 9 وکٹیں لینے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ اتوار کو پرتھ ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز آسٹریلوی ٹیم نے 167 رنز 6 کھلاڑی آئوٹ پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو میتھیو ویڈ 8 اور پیٹ کمنز 1 رن پر کھیل رہے تھے، کینگروز نے 217 رنز 9 کھلاڑی آئوٹ پر اننگز ڈیکلیئر کرنے کا اعلان کر دیا اور کیویز کو جیتنے کیلئے مجموعی طور پر 468 رنز کا ہدف دیا، میتھیو ویڈ 17، پیٹ کمنز 13، مچل سٹارک 23 اور کپتان ٹم پین بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، ٹم سائوتھی نے 5، نیل واگنر نے 3 اور کولن ڈی گرینڈ ہوم نے 1 وکٹ لی۔ جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں اپنی دوسری اننگز میں 171 رنز پر ڈھیر ہو گئی، آسٹریلوی بائولرز کے سامنے کیویز کا کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکا، واٹلنگ 40 رنز بنا کر نمایاں رہے، جیت راول 1، ٹام لیتھم 18، کپتان کین ولیمسن 14، روز ٹیلر 22، ہنری نیکولز 21، گرینڈ ہوم 33، واگنر 8، سائوتھی 4 اور مچل سینٹنر بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، سٹارک اور لیون نے 4، 4 اور کمنز نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

Leave a comment

Post here