ٹوکیو ۔ 26 ستمبر (اے پی پی) جاپان میں جاری نویں رگبی ورلڈ کپ میں جمعہ کو آرام کا دن ہے، میگا ایونٹ میںہفتہ کو دو میچ کھیلے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق رگبی ورلڈ کپ کے سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، میگا ایونٹ میں جمعہ کو کوئی میچ نہیں کھیلا جائے گا، آرام کا دن ہے ۔ میگا ایونٹ میں ہفتہ کو دو میچوں کا فیصلہ ہوگا، اس سلسلے کا پہلا میچ پول اے کی ٹیموں میزبان جاپان اور آئرلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ جاپان اور آئرلینڈ کی ٹیموں نے اب تک ایک ایک میچ کھیلا اور اس میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ دوسرا میچ پول بی میں شامل جنوبی افریقہ اور نمیبیا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں اپنا پہلا میچ ہار چکی ہیں۔ واضح رہے کہ عالمی کپ میں دنیا کی بہترین 20 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں آئرلینڈ، سکاٹ لینڈ، جاپان، روس، ساموا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا، اٹلی، نمیبیا، کینیڈا، انگلینڈ، فرانس، ارجنٹائن، امریکا، ٹونگا، آسٹریلیا ویلز، جارجیا، فجی اور یوروگوئے شامل ہیں۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کر رہی ہے، ٹورنامنٹ کا فائنل 2 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

Leave a comment

Leave a Reply