اسلام آباد ۔ 10 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ ملک میں کھیلوں کی ترقی کےلئے صوبوں کو اپنا اپنا بھر پور کردار ادا کرنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں گذشتہ روز پاکستان سپورٹس بورڈ کے کانفرنس روم میں قومی بیس بال ٹیم کی ویسٹ ایشیاءکپ میں شرکت سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشنز کو کارکردگی کی بنیاد پر سپورٹ کیا جا رہا ہے اور پرائیویٹ سیکٹر کو آگے آنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن نہیں ہونے دیں گے اور ہر آدمی کو اپنی اپنی ذمہ داری پوری کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں کو کھیلوں کی ترقی کےلئے گراس روٹ سطح پر کام اور سپورٹس فیڈریشنز کو سپورٹ کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اکتوبر میں نیشنل گیمز خیبرپختونخوا میں ہونے جا رہی ہیں، صوبوں کو اچھی ٹیمیں تیار کرنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزراءکھیل کے اجلاس بلانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

Leave a comment

Post here