اسلام آباد ۔ 18 اگست (اے پی پی) قومی ٹیم آئی بی ایس ایف ورلڈ انڈر 16 سنوکر چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے اتوار کو روس روانہ ہو گئی۔ ایونٹ کا آغاز (آج) پیر سے ہو گا جس میں محمد عمر خان اور حمزہ الیاس پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ اتوار کو پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن (پی بی ایس اے) کے میڈیا کوو آرڈینیٹر نوید کپاڈیا نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ قومی ٹیم ورلڈ انڈر 16 سنوکر چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے روس روانہ ہو گئی ہے، حمزہ الیاس اور محمد عمر خان میگا چیمپئن شپ میں ملک کی نمائندگی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں کھلاڑی باصلاحیت ہیں امید ہے کہ وہ ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر کے بہترین نتائج کے ساتھ واپس وطن لوٹیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ 24 اگست تک جاری رہنے والی چیمپئن شپ میں پاکستان سمیت 42 ممالک کے کیوئسٹس ٹائٹل کے حصول کیلئے قسمت آزمائی کریں گے۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

Leave a comment

Post here