قومی ویمن کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ اتوار سے شروع ہوگا

اسلام آباد ۔ 12 اکتوبر (اے پی پی) بنگلہ دیش سے سیریز کیلئے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ اتوار سے کنٹری کلب، مرید کے میں شروع ہوگا۔ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز قومی ٹیم کی اپنے ہوم گراؤنڈ میں رواں سال کے دوران دوسری سیریز ہوگی۔ اس سے قبل پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کراچی میں کھیلی جا چکی ہے۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ٹی 20 اور دو ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 26 اکتوبر سے ہوگا، سیریز کے تمام میچز قذافی سٹیڈیم، لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ 23 اکتوبر تک جاری رہنے والے تربیتی کیمپ میں عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ ظفر، ناہیدہ خان، بسمعہ معروف، ڈیانا بیگ، فریحہ محمود، ارم جاوید، جویریہ خان، کائنات امتیاز، عمیمہ سہیل، صباء نذیر، سعدیہ اقبال، ثناء میر، سدرہ امین اور سدرہ نواز شامل ہیں۔

Reference: http://urdu.app.com.pk