اسلام آباد ۔ 24 جولائی (اے پی پی) پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام قومی فٹ بال چیلنج کپ میں جمعرات کو مزید تین میچ کھیلے جائیں گے۔ تفصلات کے مطابق شام 5 بجے سوئی سدرن گیس کمپنی کا مقابلہ پی ٹی وی سے طہماس خان فٹ بال سٹیڈیم پشاور اور پی ایف ایف ٹائیگرز کا مقابلہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی سے قیوم سٹیڈیم میں ہوگا جبکہ تیسرا میچ رات 8 بجے مصنوعی روشنیوں میں پاکستان آرمی اور پاکستان ریلوے کی ٹیموں کے درمیان طہماس خان فٹ بال سٹیڈیم میں کھیلا جائےگا۔ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر کے پرنسپل سٹاف آفیسر سید شرافت حسین بخاری کے مطابق ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے 15 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن کو چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔گروپ اے میں دفاعی چیمپئن پاکستان ایئر فورس، نیشنل بینک آف پاکستان، پاکستان پولیس، ایشیا گھی ملز، گروپ بی میں سوئی سدرن گیس کمپنی، پاکستان نیوی، پاکستان ٹیلی ویژن، گروپ سی میں پاکستان آرمی، سول ایوی ایشن اتھارٹی، پاکستان ریلویز، پی ایف ایف ٹائیگرز جبکہ گروپ ڈی میں خان ریسرچ لیبارٹری (کے آر ایل)، پاکستان واپڈا، کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) اور کراچی یونائیٹڈ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر گروپ سے دو دو ٹیمیں کوارٹرفائنل کےلئے کوالیفائی کریں گی۔ کوارٹر فائنل مقابلے 29 سے 31 جولائی تک اور سیمی فائنل یکم اور دو اگست کو کھیلے جائیں گے جبکہ تیسری پوزیشن کا میچ 3 اگست اور فائنل میں 4 اگست کو کھیلا جائے گا۔ فائنل کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

Leave a comment

Post here