اسلام آباد ۔29 دسمبر(اے پی پی)قومی جونیئر سکواش ٹیم برٹش جونیئر اوپن میں شرکت کیلئے اتوار کو برطانیہ روانہ ہوگئی ۔ پاکستان سکواش فیڈریشن کے نائب صدر قمر زمان نے بتایاکہ برٹش جونیئر سکواش چیمپئن شپ 2 سے 7 جنوری 2020ء برطانیہ کے شہر برمنگھم میں کھیلی جائے گی۔برطانیہ کے شہر برمنگھم میں کھیلے جانے والے ایونٹ میں پاکستانی کھلاڑی چار کیٹیگریز میں حصہ لیں گے انڈر19 ٹیم میں حارث قاسم حمزہ شریف اور اوزیر شوکت شامل ہیں ،انڈر 17 ٹیم میں نورزمان اسداللہ اشہاب عرفان اور والد خلیل شامل ہیں،انڈر 15 ٹیم میں حمزہ خان اور انس علی بخاری شامل ہیں، انڈر 13ٹیم میں سخی ترین اور عبداللہ نواز شامل ہیں۔ آفیشلز میں آصف خان ٹیم کوچ جبکہ آفتاب قریشی اور حسین ادوانی ٹیم مینیجرز ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایونٹ کی تیاری کیلئے قومی کھلاڑیوں نے تربیتی کیمپ میں بھرپور تربیت حاصل کی ہے اور انہیںکوچز نے فزیکل تربیت کے ساتھ ساتھ سکواش کے حوالے سے بھی تربیت دی ہے۔ دریں اثناء بین الاقوامی ایونٹ کے حوالے سے قمر زمان کا کہنا تھا کہ فروری 2020ء میں پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن کا اجلاس متوقع ہے جس میں پشاور سمیت دیگر پی ایس اے ایونٹ کی میزبانی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں پی ایس اے ایونٹ کے حوالے سے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور اس حوالے سے وزیر اعلیٰ اور وزیر کھیل سے ملاقات کروں گا۔ قمر زمان نے کہا کہ حال ہی میں اسلام آباد میں ہونے والے انٹرنیشنل ایونٹ میں دونوں پاکستانی کھلاڑیوں کی فائنل تک رسائی خوش آئند ہے اور ٹائٹل بھی پاکستان کے نام رہا۔ امید ہے کہ یہی کھلاڑی عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سکواش فیڈریشن کے صدر ایئر چیف اور فیڈریشن کے دیگر عہدیداران سکواش سے بے حد لگائو رکھتے ہیں اور وہ ملک میں سکواش کے فروغ و بہتری کیلئے بھر پور اقدامات کررہے ہیں۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

Leave a comment

Post here