اسلام آباد ۔ 31 دسمبر (اے پی پی) قائد اعظم ٹرافی 2019-20ء میں بلوچستان کے عمران بٹ 934 رنز کے ساتھ سرفہرست رہے، بائولنگ میں ناردرن کے نعمان علی نے سب سے زیادہ 54 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کرکٹ کے سب سے بڑے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی کا ٹائٹل سینٹرل پنجاب نے اپنے نام کیا۔ بیٹنگ کے میدان میں بلوچستان کے عمران بٹ سب سے آگے رہے، انہوں نے پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 62 کی اوسط سے 934 رنز بنائے جس میں 4 سنچریاں اور 3 نصف سنچریاں شامل ہیں، انہیں ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹسمین کا ایوارڈ دیا گیا، سینٹرل پنجاب کے کامران اکمل 906 رنزکے ساتھ دوسرے اور سلمان بٹ 901 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ بائولنگ میں ناردرن کے نعمان علی نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور مجموعی طور پر 54 وکٹیں حاصل کیں، انہیں ٹورنامنٹ کے بہترین بائولر کا ایوارڈ دیا گیا، سینٹرل پنجاب کے بلال آصف 43 وکٹوں کے ساتھ دوسرے اور طفر گوہر 38 وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔

Reference: http://urdu.app.com.pk

Leave a comment

Leave a Reply